آزادجموں و کشمیر میں سیاسی رواداری ،جمہوری تسلسل کا نتیجہ ہے، ہمیں سب سے پہلے تحریک آزادی کشمیرپر توجہ مرکوزکرنی ہے،صدرآزادکشمیر
آزادجموں و کشمیر میں سیاسی رواداری ،جمہوری تسلسل کا نتیجہ ہے، ہمیں سب سے پہلے تحریک آزادی کشمیرپر توجہ مرکوزکرنی ہے،صدرآزادکشمیر

مزید خبریں
اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):صدرآزادجموں و کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی نے کہا ہے کہ خطہ میں سیاسی رواداری ،جمہوری تسلسل کا نتیجہ ہے، ہمیں سب سے پہلے تحریک آزادی کشمیر پر توجہ مرکوزکرنی ہے،ہمیں سبز ہلالی پرچم کی محبت میں شہیدہونے والے لاکھوں کشمیریوں کے مشن کو مکمل کرنا ہے اور اپنے آباء واجداد کی منظور کی گئی قرارداد الحاق پاکستان کو شرمندہ تعبیر کرتے ہوئے ریاست جموں و کشمیر کا پاکستان سے الحاق کرنا ہے۔پی آئی ڈی آزادکشمیر سے جاری بیان کے مطابق صدر آزادکشمیر سے سابق وزیراعظم آزادکشمیر ومسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سردار عتیق احمد خان نے صدر ریاست کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
اس موقع پر صدر ڈاکٹر نجیب نقی نے کہا کہ آزادجموں و کشمیر میں سیاسی رواداری ،جمہوری تسلسل کا نتیجہ ہے ، ہمیں سب سے پہلے تحریک آزادی کشمیر پر فوکس کرنا ہے ،وہ لاکھوں کشمیری جو سبز ہلالی پرچم کی محبت میں شہید ہوئے،ان کے مشن کو مکمل کرنا ہے اور اپنے آبائواجداد کی اس قرارداد الحاق پاکستان کو شرمندہ تعبیر کرتے ہوے ریاست جموں و کشمیر کا پاکستان سے الحاق کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں ،رہنماؤں اور رائے عامہ کے لیڈروں کو چاہیے کہ وہ اس ایک نکتے پر مشترکہ حکمت عملی سے آگے بڑھیں تاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی جو دھجیاں اڑا رہا ہے اسے پوری دنیا کے سامنے آشکار کیا جا سکے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی جو سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی مدد کر رہا ہے اس پر کشمیری اپنے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے مشکور ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کشمیریوں کی محافظ ہے ، اس جری اور بہادر فوج کی وجہ سے لائن آف کنٹرول پر رہنے والے کشمیری اور ریاست بھر میں رہنے والے کشمیری بھارت کی جارحیت سے محفوظ ہیں ۔اس موقع پر سردار عتیق احمد خان نے بھی مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور صدر ریاست کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔








