انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کا شیڈول جاری کردیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کا شیڈول جاری کردیا

لاہور۔1اکتوبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کا شیڈول جاری کردیا، جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر 14 ٹیموں پر مشتمل عالمی کپ کی میزبانی کریں گے، ٹورنامنٹ 2 اکتوبر سے 21 نومبر 2027 تک جاری رہے گا جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان روایتی حریفوں کا اہم مقابلہ 10 اکتوبر کو جوہانسبرگ کے وانڈررز اسٹیڈیم میں ہوگا۔ کیپ ٹاؤن کے زیٹز میوزیم آف کنٹیمپرری آرٹ افریقا میں منعقدہ تقریب کے دوران شیڈول جاری کیا گیا، جس کے ساتھ ہی ٹکٹوں کے لیے بیلٹ کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ ورلڈ کپ میں 12 وینیوز پر مجموعی طور پر 57 میچز کھیلے جائیں گے۔

ٹورنامنٹ کا آغاز 2 اکتوبر کو نمیبیا میں تین ٹیموں پر مشتمل سپر سیریز سے ہوگا، جس میں کوالیفائر سے آنے والی کم رینک کی تین ٹیمیں راؤنڈ رابن بنیاد پر ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی اور سرفہرست ٹیم گروپ مرحلے میں پہنچے گی۔ عالمی کپ کے ابتدائی مرحلے میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور 2023 کی رنر اپ بھارت کے درمیان بڑا مقابلہ 7 اکتوبر کو کیپ ٹاؤن میں ہوگا، جبکہ 8 اکتوبر کو نیوزی لینڈ اور میزبان جنوبی افریقا ٹکرائیں گے۔ اسی روز افغانستان اور پاکستان کے درمیان میچ سنچورین میں شیڈول ہے۔ پاکستان اور بھارت کا انتہائی متوقع مقابلہ 10 اکتوبر کو جوہانسبرگ کے وانڈررز اسٹیڈیم میں ہوگا۔ اسی روز سری لنکا کوالیفائر بی کے خلاف ونڈہوک میں اپنی مہم کا آغاز کرے گا۔

میزبان زمبابوے 12 سال بعد ورلڈ کپ میں واپسی کرے گا اور 9 اکتوبر کو بلاوایو میں کوالیفائر اے کے خلاف میچ کھیلے گا۔ زمبابوے بعد ازاں وکٹوریہ فالز کے تاریخی موسئی اوآ تونیا اسٹیڈیم میں بھارت کی میزبانی بھی کرے گا۔ ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ گروپ اے میں بھارت، آسٹریلیا، پاکستان، افغانستان، زمبابوے اور کوالیفائر اے جبکہ گروپ بی میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، سری لنکا، انگلینڈ، بنگلہ دیش اور کوالیفائر بی شامل ہوں گے۔

گروپ مرحلے کے بعد سپر سیون مرحلہ ہوگا، جس میں سات ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلیں گی۔ سپر سیون میں بھارت کو اے ون، آسٹریلیا کو اے ٹو، پاکستان کو اے تھری، انگلینڈ کو اے بی فور، نیوزی لینڈ کو بی ون، جنوبی افریقا کو بی ٹو اور سری لنکا کو بی تھری پوزیشن دی گئی ہے۔ سپر سیون مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست چار ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔ پہلا سیمی فائنل 17 نومبر کو کیپ ٹاؤن جبکہ دوسرا سیمی فائنل 18 نومبر کو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔

ورلڈ کپ کا فائنل 21 نومبر کو جوہانسبرگ میں ہوگا۔ آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کے لیے بیلٹ میں شرکت مفت ہوگی اور رجسٹریشن کے وقت کسی ادائیگی کی ضرورت نہیں ہوگی۔ شائقین فی میچ ایک درخواست جمع کراسکیں گے اور ایک سے زیادہ میچز کے لیے بھی بیلٹ میں شامل ہوسکیں گے۔ ٹکٹوں کی طلب دستیاب نشستوں سے زیادہ ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب درخواست گزاروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ ٹکٹ بیلٹ میں رجسٹریشن کی آخری تاریخ 21 نومبر 2026 رات 11 بج کر 59 منٹ جنوبی افریقی معیاری وقت مقرر کی گئی ہے۔

آئی سی سی کے مطابق ٹکٹوں کی ابتدائی قیمت تقریباً 9.50 امریکی ڈالر جبکہ بڑے میچز کے اعلیٰ درجے کے ٹکٹ کی قیمت تقریباً 30 امریکی ڈالر تک ہوگی، تاہم قیمتیں کرنسی کی شرح تبادلہ کے مطابق مختلف ہوسکتی ہیں۔ ورلڈ کپ کے لیے مجموعی طور پر 14 ٹیمیں شریک ہوں گی۔ 10 ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کرچکی ہیں جبکہ باقی چار ٹیموں کا فیصلہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر 2027 کے ذریعے ہوگا۔ کوالیفائر جیتنے والی ٹیم براہ راست گروپ مرحلے میں پہنچے گی جبکہ دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیمیں سپر سیریز میں حصہ لیں گی۔

آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے شیڈول کے اجرا اور ٹکٹ بیلٹ کے آغاز کو ورلڈ کپ 2027 کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا دنیا کی بہترین ٹیموں کے لیے شاندار میزبانی کا پلیٹ فارم فراہم کریں گے۔ ورلڈ کپ کے مقابلے جنوبی افریقا کے آٹھ، زمبابوے کے تین اور نمیبیا کے ایک وینیو پر ہوں گے۔ یہ 2003 کے بعد پہلی مرتبہ ہوگا کہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ افریقی سرزمین پر منعقد ہوگا، جبکہ نمیبیا پہلی بار سینئر مردوں کے ورلڈ کپ کے میچز کی میزبانی کرے گا۔

مزید خبریں