گورنر خیبرپختونخوا کی مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ27 اکتوبر 1947 کو بھارتی افواج نے کشمیر میں دراندازی کر کے ناجائز قبضہ کیا، یہ کشمیرکی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے
آزادی کے لیے کشمیری عوام کی جدوجہد ناقابلِ فراموش ہے، ثمر ہارون بلور

مزید خبریں
پشاور۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا کی مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ27 اکتوبر 1947 کو بھارتی افواج نے کشمیر میں دراندازی کر کے ناجائز قبضہ کیا، یہ کشمیرکی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ریڈیو پاکستان پشاور کے تاریخی آرکائیوز کے دورہ کے موقع پر کیا۔اس موقع پر مشیرِ اطلاعات نے ریڈیو پاکستان کی تاریخی آرکائیوز کا جائزہ لیا اور اس قومی ورثے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔مشیر اطلاعات نے ریڈیو پاکستان کے پوڈکاسٹ سٹوڈیو کا دورہ کیا۔ انہوں نے پی آئی ڈی اور ڈی ای ایم پی کے دفاتر کا بھی دورہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ27 اکتوبر یومِ سیاہ کشمیر منانے کا مقصد کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور حقِ خودارادیت کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری بہن بھائیوں کو بھارتی قبضے اور ظلم و بربریت سے نجات دلانے کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ کشمیری عوام نے آزادی اور حقِ خودارادیت کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ کشمیری بہن بھائیوں، بزرگوں اور بچوں سمیت افواجِ پاکستان نے بھی اس جدوجہد میں قربانیاں دی ہیں۔ کشمیری عوام کی قربانیاں اور ان کی آزادی کے لیے جدوجہد ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ کشمیری بہن بھائی ایک دن آزاد اور پرامن فضا میں سانس لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کیا جائے اور ان کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کیا جائے۔ ثمر ہارون بلور نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہماری مشترکہ جدوجہد اور عزم کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان ہمارا قومی اثاثہ ہے، اس کی تاریخی اہمیت اور قومی ورثے کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔







