آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان

میلبورن۔25فروری (اے پی پی):آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان رواں سال اگست میں ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے میزبان شہروں اور تاریخوں کی باقاعدہ تصدیق کر دی گئی ہے۔ سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق یہ سیریز بنگلہ دیش کے ٹاپ اینڈ دورے کا حصہ ہوگی،جس کی میزبانی آسٹریلیا کرے گا۔ پہلا ٹیسٹ 13 سے 17 اگست تک ڈارون کے مراارا سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ …

میلبورن۔25فروری (اے پی پی):آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان رواں سال اگست میں ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے میزبان شہروں اور تاریخوں کی باقاعدہ تصدیق کر دی گئی ہے۔ سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق یہ سیریز بنگلہ دیش کے ٹاپ اینڈ دورے کا حصہ ہوگی،جس کی میزبانی آسٹریلیا کرے گا۔

پہلا ٹیسٹ 13 سے 17 اگست تک ڈارون کے مراارا سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 22 سے 26 اگست تک مکائےکے گریٹ بیریئر ریف ایرینا میں کھیلا جائے گا۔ مکائے میں یہ پہلا ٹیسٹ میچ ہوگا، جبکہ ڈارون میں 2004 کے بعد پہلی بار ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہو رہی ہے۔یہ دونوں ٹیموں کے درمیان 2017 کے بعد پہلی ٹیسٹ سیریز ہوگی اور آسٹریلیا میں صرف دوسری مرتبہ ٹیسٹ سیریز منعقد ہوگی ۔

اس سے قبل دونوں ٹیمیں 2003 میں آسٹریلیا میں مدِمقابل آئی تھیں۔ 2020 میں بنگلہ دیش میں شیڈول سیریز کووِڈ وبا کے باعث منسوخ کر دی گئی تھی۔یہ سیریز موجودہ عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل کا حصہ ہے۔ گزشتہ برس ڈارون اورمکائے نے جنوبی افریقہ کے خلاف وائٹ بال سیریز کی میزبانی بھی کی تھی۔ ڈارون اس سے قبل دو ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کر چکا ہے، جن میں 2003 میں بنگلہ دیش اور 2004 میں سری لنکا کے خلاف مقابلے شامل ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کا کیلنڈر اب کافی مصروف ہو چکا ہے، اور ہمارے پاس اگست کے مہینے میں ٹیسٹ کرکٹ کے لیے بہترین سہولیات موجود ہیں جو موسمِ گرما کے علاوہ بھی کرکٹ کے انعقاد کو ممکن بناتی ہیں۔

یہ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی ) کا حصہ ہے اور اس کے بعد آسٹریلیا کا ایک انتہائی مصروف سیزن شروع ہوگا جس میں وہ جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، بھارت اور انگلینڈ کے خلاف اہم سیریز کھیلے گا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم اس ٹیسٹ سیریز سے قبل جون میں ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچز کے لیے بھی آسٹریلیا کا دورہ کرے گی۔