آسٹریلین پولیس نے بحرالکاہل میں منشیات کی سمگلنگ کے خلاف کارروائی کے لیے نئی ٹاسک فورس قائم کر دی

کینبرا ۔20فروری (اے پی پی):آسٹریلین فیڈرل پولیس اور ریاست کوئنز لینڈ کی پولیس نے جمعہ کو ایک نئی ٹاسک فورس قائم کی ہے جو بحرالکاہل کے ممالک سے شمالی آسٹریلیا میں منشیات سمگل کرنے والے منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔شنہوا کے مطابق جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نارتھ کوئنز لینڈ جوائنٹ آرگنائزڈ کرائم ٹاسک فورس (جے او سی ٹی ایف) بحرالکاہل میں ذخیرہ کی …

کینبرا ۔20فروری (اے پی پی):آسٹریلین فیڈرل پولیس اور ریاست کوئنز لینڈ کی پولیس نے جمعہ کو ایک نئی ٹاسک فورس قائم کی ہے جو بحرالکاہل کے ممالک سے شمالی آسٹریلیا میں منشیات سمگل کرنے والے منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔شنہوا کے مطابق جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نارتھ کوئنز لینڈ جوائنٹ آرگنائزڈ کرائم ٹاسک فورس (جے او سی ٹی ایف) بحرالکاہل میں ذخیرہ کی گئی میتھامفیٹامین اور کوکین جیسی منشیات حاصل کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کے بڑھتے ہوئے خطرے کا مقابلہ کرے گی۔

بیان کے مطابق یہ ٹاسک فورس ٹوریس سٹریٹ کے راستے سمگلنگ میں ملوث منظم جرائم پیشہ افراد کو نشانہ بنائے گی۔ یہ آبی گزرگاہ شمالی کوئنز لینڈ اور نیو گنی کو الگ کرتی ہے اور اس اقدام کا مقصد کمزور کمیونٹیز اور آسٹریلیا کی خودمختاری کا تحفظ کرنا ہے۔آسٹریلین فیڈرل پولیس کی کمشنر کریسی بیریٹ نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ کئی سالوں سے بحرالکاہل میں غیر قانونی اشیا کی بڑی مقدار ذخیرہ کی گئی ہے، جس کے باعث ملک کے اندر اور بیرون ملک موجود منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کو آسٹریلیا کے قریب خطرناک منشیات تک آسان رسائی حاصل ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹوریس سٹریٹ کے جزیروں میں رہنے والی مقامی کمیونٹیز کے رہنماؤں کو بھی تشویش ہے کہ سمگلنگ میں اضافے کے باعث ان کے نوجوانوں میں منشیات کے استعمال میں اضافہ ہو رہا ہے۔آسٹریلین فیڈرل پولیس کے مطابق منشیات کی سمگلنگ کے علاوہ نئی جے او سی ٹی ایف جنسی استحصال، جبری مشقت اور انسانی سمگلنگ کی نشاندہی اور روک تھام کے لیے بھی اقدامات کرے گی۔