سرگودھا ۔20جنوری (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر شہزاد رانجھا نے کہا ہے کہ "اب گاؤں چمکیں گے "پروگرام کے پہلے اور دوسرے فیز کے تحت مقامی افراد کے بھرپور تعاون سے تمام رورل یونین کونسلوں میں صفائی کے مستقل نظا م کو رائج کرنے کے بعد اب فیزIIIکے تحت ضلع کے 35دیہات کو ماڈل ویلج کا درجہ دینے کیلئے اقدامات کو حتمی شکل دیدی گئی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھاگٹانوالہ، لکسیاں اور مڈھ رانجھاء کے علاقو ں میں مذکورہ پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے دوران کیا۔ اُنہوں نے لوکل کمیٹیوں کے ممبران سے ملاقاتیں کر کے ریکوری کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)شعیب علی کی زیر ِنگرانی فیز IIIکے تحت سرگودھا کے 35دیہات کو ماڈل ویلج بنایا جا رہا ہے جس کیلئے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز سے تجاویز موصول ہو گئی ہیں، جن پر تیزی سے کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے اور دوسرے فیز کی طرح تیسرے فیز میں بھی سرگودھاکو پنجاب بھر میں اول پوزیشن پر لانے کیلئے بھرپور کوشش کی جا رہی ہے، اس پروگرام سے گاؤں کی سطح صحت و صفائی کی معیاری سہولیت باہم پہنچانے کے ساتھ ساتھ دیہی عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں بھی مدد ملے گی۔