اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ ہیں اور ملک کی ترقی کیلئے مشترکہ طور پر کام کر رہی ہیں، مولانا فضل الرحمان 2023ء تک انتظار کریںگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

اسلام آباد ۔ 12 فروری (اے پی پی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اتحادی جماعتیں مکمل طور پر حکومت کے ساتھ ہیں اور ملک کی ترقی کیلئے مشترکہ طور پر کام کر رہی ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ساتھ تمام معاملات طے ہو گئے ہیں، سخت اقدامات اور تمام سٹیک ہولڈرز کی وجہ سے پنجاب میں استحکام لائے ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت …

اسلام آباد ۔ 12 فروری (اے پی پی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اتحادی جماعتیں مکمل طور پر حکومت کے ساتھ ہیں اور ملک کی ترقی کیلئے مشترکہ طور پر کام کر رہی ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ساتھ تمام معاملات طے ہو گئے ہیں، سخت اقدامات اور تمام سٹیک ہولڈرز کی وجہ سے پنجاب میں استحکام لائے ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پارٹی کے تمام اراکین متحد ہیں، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اس لئے مولانا فضل الرحمان 2023ء انتخابات تک کا انتظار کریں اور حکومت کے خلاف سازشیں کرنا بند کریں۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی کو کم کرنے اور ملک کے متوسط طبقے کو ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہے، وزیر اعظم عمران خان نے آٹے اور چینی کے بحران کا نوٹس لیا ہے اور انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریں۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ صوبائی حکومت لوگوں کو صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور اس حوالے سے متعدد منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں اور عوام کو بنیادی سہولیات مہیا کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی،گورنر پنجاب نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو مشورہ دیا کہ وہ مزید تین سال تک انتظار کریں اور پھر عام انتخابات میں عوام کے سامنے اپنا منشور پیش کریں، یہ دھرنا دینے کا وقت نہیں ہے کیونکہ حکومت ملک کو درپیش معیشت اور مہنگائی سمیت دیگر مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ملک کے ہر شعبے میں مافیا ہیں جنہیں حکومت بے نقاب کرنے کیلئے کوششیں کر رہی ہے۔