آئرلینڈ کے عالمی شہرت یافتہ گالفر روری میکِلروئی نے کہا ہے کہ اگر لیو گالف سے وابستہ کھلاڑی دوبارہ پی جی اے ٹور میں واپسی کے خواہش مند ہوں تو وہ ان کی واپسی کے حق میں ووٹ دیں گے
روری میک ایلروئی کا ایل آئی وی گولفرز کی پی جی اے ٹور میں واپسی کی حمایت کا اعلان

مزید خبریں
نئی دہلی۔14اکتوبر (اے پی پی):آئرلینڈ کے عالمی شہرت یافتہ گالفر روری میکِلروئی نے کہا ہے کہ اگر لیو گالف سے وابستہ کھلاڑی دوبارہ پی جی اے ٹور میں واپسی کے خواہش مند ہوں تو وہ ان کی واپسی کے حق میں ووٹ دیں گے۔ بی بی سی کے مطابق روری میکِلروئی کا کہنا ہے کہ ان کھلاڑیوں کی واپسی پیشہ ورانہ گالف کے کاروبار اور روایتی ٹورز کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔نئی دہلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 6 بار کے میجر چیمپئن نے اعتراف کیا کہ بہترین کھلاڑیوں کی واپسی سے ٹورز کے کاروبار کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مالی مشکلات اور متعدد اہم کھلاڑیوں کی علیحدگی کے بعد ایل آئی وی کے لیے آگے بڑھنا اب بے حد مشکل نظر آتا ہے۔عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر موجود روری میکِلروئی نے کہا کہ لیو گالف کے پاس بھاری سرمایہ موجود تھا، لیکن اسے مؤثر انداز میں استعمال نہیں کیا گیا۔ ان کے خیال میں یہ رقم کھیل کے فروغ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ شراکت داری پر خرچ کی جا سکتی تھی، بجائے اس کے کہ پہلے سے بھاری آمدنی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو مزید نوازا جاتا۔2022 میں لیو گالف کے آغاز کے بعد سے اس کے ناقد رہنے والے روری میکِلروئی نے کہا کہ اس سرکٹ نے گالف کو تقسیم کیا اور کھیل کے مجموعی مفادات کو نقصان پہنچایا۔ تاہم اب انہیں محسوس ہوتا ہے کہ لیو گالف کے لیے اپنے مستقبل کو محفوظ بنانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق متعدد کھلاڑی اس کے آئندہ سیزن میں شرکت سے گریز کر رہے ہیں، جس سے اس کے مستقبل پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔دوسری جانب ڈی پی ورلڈ ٹور نے اعلان کیا ہے کہ 2027 کے لیو گالف سیزن میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو یورپ میں قائم اس سرکٹ کی رکنیت کی اجازت نہیں ہوگی۔روری میکِلروئی نے اعتراف کیا کہ لیو گالف میں شمولیت کے معاملے پر اختلافات کے باعث یورپی رائیڈر کپ ٹیم کے بعض سابق ساتھیوں سے ان کے تعلقات بھی متاثر ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف مقابلوں میں شرکت، رائیڈر کپ کے لیے نااہلی اور ایک دوسرے سے دوری نے سابق ساتھیوں کے درمیان رابطے کم کر دئیے۔چھ مرتبہ بڑے اعزازات جیتنے والے روری میکِلروئی نے واضح کیا کہ لیو گالف اگر مالی مشکلات سے نکلنے میں کامیاب بھی ہو جاتا ہے تو اب اس سے روایتی گالف ٹورز کو پہلے جیسا خطرہ لاحق نہیں ہوگا۔







