ڈبلیو-15 اسلام آباد جنید فیملی فائونڈیشن ورلڈ ٹینس ویمنز چیمپئن شپ 2026 کے دوسرے مرحلے کا آغاز

ڈبلیو-15 اسلام آباد جنید فیملی فائونڈیشن ورلڈ ٹینس ویمنز چیمپئن شپ 2026 کے دوسرے مرحلے کا آغاز منگل کو پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں ہو گیا۔ اس بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں 17 ممالک کی 31 کھلاڑی شرکت کر رہی ہیں

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):ڈبلیو-15 اسلام آباد جنید فیملی فائونڈیشن ورلڈ ٹینس ویمنز چیمپئن شپ 2026 کے دوسرے مرحلے کا آغاز منگل کو پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں ہو گیا۔ اس بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں 17 ممالک کی 31 کھلاڑی شرکت کر رہی ہیں۔ ان ممالک میں فرانس، چین، روس، ڈنمارک، میکسیکو، ازبکستان، جنوبی افریقہ، نیدرلینڈز، کوریا، نیپال، جاپان، ہانگ کانگ، جرمنی، تھائی لینڈ، ترکیہ، جمہوریہ چیک اور پاکستان شامل ہیں۔ پاکستان کی پانچ کھلاڑیوں، اشنا سہیل، ماہین آفتاب قریشی، مہک کھوکھر، رومیسا ملک اور ہاجرہ سہیل، نے بھی چیمپئن شپ میں شرکت کر رہی ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کی سرپرستی جنید فیملی فائونڈیشن کر رہی ہے، جس کے تعاون سے پاکستان میں بین الاقوامی ٹینس کے فروغ اور ترقی میں مدد مل رہی ہے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی اور سیکریٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل (ریٹائرڈ) سمیت پی ٹی ایف کی انتظامیہ نے ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی تمام کھلاڑیوں کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا اور ایک کامیاب، معیاری اور دلچسپ مقابلوں پر مشتمل چیمپئن شپ کے انعقاد کی خواہش ظاہر کی۔

انہوں نے جنید فیملی فائونڈیشن کی جانب سے چیمپئن شپ کی معاونت اور پاکستان میں خواتین کی ٹینس کے فروغ اور ترقی کے لیے تعاون پر دلی شکریہ بھی ادا کیا۔ پاکستان میں نیپال کی سفیر ریتا دھیتال نے آج پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ٹینس کے مقابلے دیکھے اور شرکت کرنے والی کھلاڑیوں سے ملاقات کرکے ان سے گفتگو کی۔مقابلوں کے نتائج کے مطابق خواتین سنگلز کے پہلے رائونڈمیں ابھلاشا بستا (نیپال) نے انا سمکینا (روس) کو 0-6، 1-6 سے شکست دی۔شریفے پیلین ساری (ترکیہ) نے مہک کھوکھر (پاکستان) کو 1-6، 1-6 سے شکست دی۔یولیا خرامتسووا (روس) کو اُشنا سہیل (پاکستان) کے خلاف واک اوور ملا۔کامونوان یوڈپیچ (تھائی لینڈ) نے سیویل یولدشیوا (ازبکستان) کو 3-6، 4-6 سے شکست دی۔لیلیا پسکون (روس) نے ہاجرہ سہیل (پاکستان) کو 0-6، 0-6 سے شکست دی۔رو شی وو (چین) نے واراوارا روبتسووا (روس) کو 7-5، 1-6، 0-6 سے شکست دی۔

کسینیا لاسلوتووا (روس) نے وارونا مدلولوا (جنوبی افریقہ) کو 4-6، 4-6 سے شکست دی۔سوزونا اویگاوا (جاپان) نے سوفیا سوسلووا (روس) کو 0-6، 7-5، 7-5 سے شکست دی۔لیلیا پسکون (روس) نے ہاجرہ سہیل (پاکستان) کو 1-6، 0-6 سے شکست دی۔مون جونگ (کوریا) نے ماہین آفتاب قریشی (پاکستان) کو 3-6، 0-6 سے شکست دی۔آج دن بھر بارش کے باعث ٹینس کے مقابلے متاثر رہے اور انہیں روکنا پڑا۔ اب یہ مقابلے کل(بدھ کو) صبح 9:30 بجے دوبارہ شروع ہوں گے۔