اداکار محمد علی کی سالگرہ اتوار کو منائی گئی

شہنشاہ جذبات اداکار محمد علی کی سالگرہ اتوار 19 اپریل کو منائی گئی۔ ان کو کیریئر کے دوران 10 نگار ایوارڈز سے نوازا گیا۔ کئی برس تک پردی سکرین پرراج کرنے والے پاکستان کے معروف اداکارمحمد علی 19 اپریل 1931 کو رام پورمیں پیدا ہوئے اورتقسیم ہند کے بعد پاکستان منتقل ہو گئے۔

اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):شہنشاہ جذبات اداکار محمد علی کی سالگرہ اتوار 19 اپریل کو منائی گئی۔ ان کو کیریئر کے دوران 10 نگار ایوارڈز سے نوازا گیا۔ کئی برس تک پردی سکرین پرراج کرنے والے پاکستان کے معروف اداکارمحمد علی 19 اپریل 1931 کو رام پورمیں پیدا ہوئے اورتقسیم ہند کے بعد پاکستان منتقل ہو گئے۔ انہوں نے 1956 میں ریڈیوپاکستان حیدرآباد سے اپنے فنی کیریئرکا آغازکیا اور بعد ازاں ریڈیو پاکستان کراچی منتقل ہوگئے۔ محمد علی کی بھرپورآوازنے انہیں ایک بہترین براڈ کاسٹرکی شناخت دی اور انہیں فلمی دنیا تک پہنچانے میں بھی ان کی آواز نے اہم کردار ادا کیا۔

شہنشاہ جذبات محمد علی نے 1962 میں فِلم ’’چراغ جلتا رہا‘‘ سے بطورولن اپنے کریئرکا آغاز کیا اور ابتدائی چند فلموں میں منفی کردار نبھائے جبکہ بطور ہیرو ان کی پہلی فلم ’’مسٹر ایکس‘‘ تھی ۔ محمد علی کی شہرت کا آغاز 1964 میں ریلیزہونے والی فلم ’’خاموش رہو‘‘ سے ہوا۔ اس فلم پر ان کو معاون اداکار نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ اداکار محمد علی نے اپنے پورے کیریئر میں 10 نگار ایوارڈز حاصل کیے۔شہنشاہ جذبات محمد علی کی صاعقہ، آس، آئینہ اور صورت،انسان اور آدمی میں اداکاری عروج پر رہی۔ اداکار محمد علی کو ایشیاء کے 25 بہترین اداکاروں کی فہرست میں شامل ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔

انھوں نے 275 کے قریب فلموں میں کام کیا جن میں اردو، پنجابی، پشتو، بنگالی اور ہندی فلمیں شامل ہیں۔ پاکستانی فلم انڈسٹری کے مایہ ناز اداکار محمد علی 19 مارچ 2006 کو 75 سال کی عمر میں اس دار فانی سے رخصت ہو گئے ۔ شہنشاہ جذبات محمد علی کو فلم انڈسٹری کے لیے بہترین خدمات انجام دینے پر تمغہ حسن کارکردگی اور تمغہ امتیاز سمیت متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ شہنشاہ جذبات محمد علی کی سالگرہ کے موقع پر ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں بھر پور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔