استور ،وزیرِ اعلیٰ جی بی کا براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے واقعے کا نوٹس، بین الاقوامی کوہ پیما ٹیم کی تلاش کے لیے فوری ریسکیو آپریشن کا حکم

وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان، امجد حسین ایڈووکیٹ نے براڈ پیک (8,047 میٹر) پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں 10 رکنی بین الاقوامی کوہ پیما ٹیم سے رابطہ منقطع ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو فوری اور مؤثر ریسکیو آپریشن شروع کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

استور ۔31 جولائی (اے پی پی):وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان، امجد حسین ایڈووکیٹ نے براڈ پیک (8,047 میٹر) پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں 10 رکنی بین الاقوامی کوہ پیما ٹیم سے رابطہ منقطع ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو فوری اور مؤثر ریسکیو آپریشن شروع کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ نے الپائن کلب آف پاکستان (ACP) اور ضلع شگر انتظامیہ کی جانب سے موصول ہونے والی تشویشناک اطلاعات کے بعد متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان آرمی کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ذریعے تلاش اور امدادی کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ معروف کوہ پیما نرمل "نِمس” پورجا کی قیادت میں جانے والی اس بین الاقوامی ٹیم، جس میں ہنزہ سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما سہیل سخی سمیت نیپال، امریکہ، عمان، چین اور دیگر ممالک کے کوہ پیما شامل ہیں، کی بحفاظت بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔وزیرِ اعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ نامساعد موسمی حالات کے باوجود فضائی اور زمینی ریسکیو ٹیموں کو ہر وقت تیار رکھا جائے تاکہ جیسے ہی موسم سازگار ہو، امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کی جا سکیں۔امجد حسین ایڈووکیٹ نے اس افسوسناک واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لاپتا کوہ پیماؤں کی سلامتی اور خیریت کے لیے دعا کی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ریسکیو آپریشن کی پیش رفت سے انہیں مسلسل آگاہ رکھا جائے اور تمام کارروائیاں مؤثر رابطہ کاری کے ساتھ جاری رکھی جائیں۔