اسرائیلی فوج نے نور شمس کیمپ میں ابو عبیدہ مسجد کے مینار پر اسرائیلی پرچم لہرا دیا، جبکہ نابلس میں فائرنگ سے زخمی 14 سالہ فلسطینی بچہ شہید ہوگیا۔
اسرائیلی فوج نے نور شمس کیمپ میں ابو عبیدہ مسجد کے مینار پر اسرائیلی پرچم لہرا دیا
مقبوضہ بیت المقدس۔24اگست (اے پی پی):اسرائیلی فوج نے نور شمس کیمپ میں ابو عبیدہ مسجد کے مینار پر اسرائیلی پرچم لہرا دیا، جبکہ نابلس میں فائرنگ سے زخمی 14 سالہ فلسطینی بچہ شہید ہوگیا۔
العربیہ اردو کے مطابق یہ واقعہ کسی مسجد پر اسرائیلی تسلط ظاہر کرنے کی نئی مثال ہے۔تلکرم میں فلسطینیوں کے اوقاف سے متعلق امور کے ڈائریکٹوریٹ نے اس واقعے کی مذمت کی ہے اور اسے ایک اشتعال انگیزی کارروائی قرار دیا ہے۔ اوقاف کے ڈائریکٹوریٹ کے مطابق یہ مسجد کے تقدس کے منافی اقدام ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے نور شمس پناہ گزین کیمپ میں اپنی کارروائیاں جنوری 2025 سے شروع کر رکھی ہیں۔ اس دوران 24000 مقامی فلسطینیوں کو جبری طور پر بے گھر کر دیا گیا ہے۔اوقاف ڈائریکٹوریٹ نے کہا کہ اس وقت غیر معمولی صورت حال پیدا کی جارہی ہے،بے گھر ہو کرجا چکے فلسطینیوں کو بھی واپس اپنے گھروں میں آنے سے روک رکھا ہے، کہ وہ اپنے گھروں کو نہ جا سکیں۔ دریں اثنا ایک 14 سالہ فلسطینی بچہ اسلام احمد عجوری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا ہے۔ وہ صبح کے وقت اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا۔ بچے کی شہادت کا واقعہ نابلس میں پیش آیا ہے۔









