اسرائیلی فوج کا مغربی کنارے کے ابن سینا ہسپتال کو بھی خالی کرنے کا حکم

99
gaza
gaza

مقبوضہ بیت المقدس۔17نومبر (اے پی پی):اسرائیلی فوج نےمغربی کنارے کے علاقے جنین میں واقع ابن سینا ہسپتال کو بھی فوری طور پر خالی کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق اسرائیلی فو ج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں تازہ ترین چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے طبی عملے کے دو ارکان کو بھی گرفتار کر لیا۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے ہسپتال کو کئی گھنٹوں سے چاروں اطراف سے گھیرے میں لے رکھا ہے، اسرائیلی فوجی اہلکاروں نے ہسپتال کے اطراف میں ایمبولینسوں کی تلاشی بھی لی ہے اور لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے ہسپتال کو خالی کرنے کوکہا گیا ہے۔اسرائیلی فوجیوں نے ہسپتال میں تعینات طبی عملے کو اپنے ہاتھ اٹھا کر ہسپتال سے باہر نکل جانے کا حکم دیا اور پھر ہسپتال کے صحن میں ان کی انفرادی تلاشی لی۔

اس سے قبل رات کو اسرائیلی گوجیوں نے جنین شہراور پناہ گزین کیمپ میں کم از کم 7 افراد کو گرفتار کیا اور کچھ گلیوں کو مسمار کر دیا۔اسرائیلی فوج کی فائرنگ اوراسرائیلی ڈرون حملوں میں متعدد شہری زخمی بھی ہوئے، جنہیں علاج کے لیے مختلف ہسپتالوں میں لے جایا گیا۔