اسرائیلی وزیراعظم کی صدر ایمانویل میکروں پر تنقید دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے منافی ہے، فرانس

پیرس۔6اکتوبر (اے پی پی):فرانس نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے اس بیان کو دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے منافی قرار دیا ہے جس میں اسرائیلی وزیراعظم نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی پر پابندی عائد کرنے اور لبنان میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرنے پر فرانسیسی صدر ایمانویل میکروں کو تنقید کانشانہ بنایا تھا۔ بی بی سی کے مطابق پیرس میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے …

پیرس۔6اکتوبر (اے پی پی):فرانس نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے اس بیان کو دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے منافی قرار دیا ہے جس میں اسرائیلی وزیراعظم نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی پر پابندی عائد کرنے اور لبنان میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرنے پر فرانسیسی صدر ایمانویل میکروں کو تنقید کانشانہ بنایا تھا۔ بی بی سی کے مطابق پیرس میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فرانسیسی وزیر اعظم نے کہا تھا کہ انہیں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نتن یاہو کی طرف سے لبنان میں زمینی کارروائی شروع کرنے کے فیصلے پر افسوس ہے اور کہا کہ جو ممالک ایک طرف تو اسرائیل کو جنگی ہتھیار فراہم کرتے ہیں اور دوسری طرف جنگ بندی کا مطالبہ بھی کرتے ہیں ان کی اس حوالے سے پالیسی میں تسلسل نہیں ۔

اسرائیلی وزیراعظم نے فرانسیسی صدر کے اس بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ جو ملک اسرائیل کے ساتھ نہیں کھڑا وہ ایران اور اس کے اتحادیوں کا حمایتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب اسرائیل ایران کی قیادت میں ظالمانہ قوتوں سے برسرپیکار ہے تو ایسے میں تمام مہذب ممالک کو مضبوطی سے اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

نتن یاہو نے مزید کہا کہ اس کے باوجود صدر ایمانویل میکروں اور دیگر مغربی رہنما اب اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی پر پابندی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ایسے لوگوں کو شرم آنی چاہیے۔ اسرائیلی وزیراعظم کے بیان کے بعدفرانسیسی صدرکے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانس اسرائیل کا ایک بہت مضبوط دوست ہے اور اسرائیلی وزیراعظم کا ردعمل فرانس اور اسرائیل کی دوستی کے منافی اورحد سے متجاوز ہے۔