تل ابیب۔24فروری (اے پی پی):اسرائیل کی حکومت نے فوج کو مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف جنگی آپریشن کو طوالت دینے اور مغربی کنارے میں موجود رہنے کا حکم دے دیا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ بات اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے گزشتہ روز بیان میں بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے فوج کو مغربی کنارے میں کارروائیاں مزید سخت اور تیز کرنے کا کہہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج کو مغربی کنارے کے شمالی علاقے میں قائم پناہ گزین کیمپوں تلکرم ، جنین اور نور شمس میں جنگی کارروائی کو شدت دینے کا حکم دیا ۔ ان کے مطابق 40 ہزار فلسطینیوں کو ان کیمپوں سے نکال دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنین میں اسرائیلی فوج کے ٹینکوں کے دستے بھی تعینات کئے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے ) کے بارے میں کہا کہ اسے کام کرنے سے روکا جا چکا ہے۔