مقبوضہ بیت المقدس ۔30اکتوبر (اے پی پی):بھاری ہتھیاروں سے لیس اسرائیلی ٹینکوں نے غزہ شہر کے اطراف میں پیش قدمی شروع کر دی،صیہونی فوج ٹینکوں کے گولوں سے اپنے ارد گرد ہر شے کو بلا تحقیق نشانہ بنا رہی ہے ۔
اے ایف پی کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی ٹینکوں نے پیر کو حماس کے خلاف اپنی جنگ کو تیز کرتے ہوئے غزہ شہر کے اطراف میں پیش قدمی کی ۔
وہ جنگ زدہ فلسطینی علاقے کے شمال سے جنوب کی جانب ایک اہم سڑک کاٹتے ہوئے ٹینک غزہ شہر کے جنوبی کنارے پر واقع ضلع زیتون میں داخل ہوگئے ہیں ۔صیہونی فوج نے صلاح الدین روڈ کو کاٹ دیا ہے جس سے شمالی غزہ کا جنوبی غزہ سے مرکزی زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے جبکہ وہ کسی بھی گاڑی پر فائرنگ کر رہے ہیں جو ان کے ساتھ سڑک پر جانے کی کوشش کرتی ہے۔
دریں اثناءاسرائیل کے ایک فوجی ترجمان نے اے ایف پی کو بتایاکہ ہم نے غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 600 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا ہے جبکہ گزشتہ روز 450 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا گیا تھا ،اے ایف پی کے مطابق حماس نے بھی شمالی غزہ میں "بھاری لڑائی” کی اطلاع دی ہے۔