اسرائیل اور لبنان نے واشنگٹن میں فریم ورک معاہدے پر دستخط کر دئیے

:لبنان، اسرائیل اور امریکا نےایک سہ فریقی فریم ورک (بنیادی ڈھانچے کے) معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد مشرقِ وسطیٰ کے ان دو دیرینہ حریفوں کے درمیان امن معاہدے کی راہ ہموار کرنا ہے۔

واشنگٹن ۔27جون (اے پی پی):لبنان، اسرائیل اور امریکا نےایک سہ فریقی فریم ورک (بنیادی ڈھانچے کے) معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد مشرقِ وسطیٰ کے ان دو دیرینہ حریفوں کے درمیان امن معاہدے کی راہ ہموار کرنا ہے۔اے ایف پی کے مطابق دستخطوں کی تقریب کے موقعے پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ’ہمیں لبنان کی خودمختار حکومت اور یقیناً اسرائیل کی حکومت کے درمیان، امریکہ کی ثالثی اور تعاون سے ایک فریم ورک معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔

اس معاہدے کے نتائج واشنگٹن میں ہونے والے مذاکرات کے پانچ ادوار کا نتیجہ ہیں جس کا مقصد دہائیوں پرانی دشمنی اور جنوبی لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ہفتوں سے جاری لڑائی کا خاتمہ کرنا ہے۔تاہم اس معاہدے کی تفصیلات کا اعلان نہیں کیا گیا۔دستخطوں کی تقریب کے موقعے پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ یہ معاہدہ ’پائیدار امن اور سلامتی کے لیے ایک فریم ورک نافذ کرنے کی شروعات ہے۔

واشنگٹن میں تعینات لبنان کی سفیر نادیہ حمادہ معوض نے کہا کہ یہ معاہدہ ’لبنانی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بحالی، مستقل اور حتمی طور پر دشمنی کے خاتمے کو یقینی بنانے (اور) ہمارے لوگوں کو ان کی زمین پر واپس جانے کے قابل بنانے کی راہ میں پہلا قدم ہے۔