اسرائیل کے غزہ میں سکول پر فضائی حملے، اقوام متحدہ کے 6 اہلکاروں سمیت 14 افراد مارے گئے

اقوام متحدہ ۔12ستمبر (اے پی پی):فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے یو این آر ڈبلیو اے نے کہا ہے کہ وسطی غزہ میں اس کی نگرانی میں چلنے والے سکولوں میں سے ایک پر اسرائیلی فضائی حملوں میں اس کے 6 ملازمین مارے گئے ہیں۔ الجزیرہ نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی حملے میں مارے جانے والوں کی تعداد 18 ہے اور حملے میں …

اقوام متحدہ ۔12ستمبر (اے پی پی):فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے یو این آر ڈبلیو اے نے کہا ہے کہ وسطی غزہ میں اس کی نگرانی میں چلنے والے سکولوں میں سے ایک پر اسرائیلی فضائی حملوں میں اس کے 6 ملازمین مارے گئے ہیں۔ الجزیرہ نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی حملے میں مارے جانے والوں کی تعداد 18 ہے اور حملے میں مارے جانےوالوں کے جسموں کے ٹکڑے ہو گئے ہیں۔

اس سکول کو اسرائیل نے پانچویں بار حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق یو این آر ڈبلیو اے کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے یہ کسی ایک واقعہ میں ہمارے عملے کی سب سے زیادہ اموات ہیں۔ہسپتال کے حکام اور غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے اس سے قبل کہا تھا کہ نصیرات پناہ گزین کیمپ جسے ہزاروں بے گھر فلسطینیوں کی جانب سے پناہ گاہ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے ، میں الجو نی سکول پر اسرائیلی حملے میں اس کے 6 ملازمین سمیت 14 افراد مارے گئے ہیں۔

اسرائیل کی فوج کا کہنا ہے کہ اس نےمذکورہ سکول کے اندر سے حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے دہشت گردوں پر حملہ کیا ۔اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے صحافیوں کو بتایا کہ اقوام متحدہ نے ان تمام اسرائیلی فضائی حملوں کی مذمت کی ہے جن میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے اور جو اقوام متحدہ کی تنصیبات کو بھی نشانہ بناتے ہیں ۔ یو این آر ڈبلیو اے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں الجونی سکول اور اس کے اطراف کو نشانہ بنایا گیا جہاں تقریباً 12 ہزار بے گھر افراد ، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل تھے ، پناہ لئے ہوئے تھے۔

بیان کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں مارے جانے والوں میں یو این آر ڈبلیو اے کے شیلٹر کا منیجر اور بے گھر افراد کو امداد فراہم کرنے والی ٹیم کے دیگر ارکان بھی شامل ہیں۔ یو این آر ڈبلیو اے کی طرف سے جاری بیان میں اس کے زیر نگرانی چلنے والے سکولوں اور پناہ گاہوں پر حملے نہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔اقوام متحدہ میں اسرائیلی مندوب نے سکول پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرنے پر اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریش کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔

ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ غزہ میں سکول پر اسرائیلی حملہ ناقابل قبول نہیں بلکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے حقائق کو مسخ کرنا ناقابل قبول ہے۔اس واقعے سے چند گھنٹے قبل، انروا کی طرفر سے جاری رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ غزہ میں اس کے زیر انتظام چلنے والے تقریباً 70 فیصد سکول جنگ کے دوران متاثر ہوئے تھے۔غزہ میں جاری جنگ میں اس کے 214 عملے کے ارکان مارے گئے۔ اس کے علاوہ ادارے کے زیر انتظام چلنے والے سکولوں اور پناہ گاہوں میں مقیم 563 افراد بھی مارے گئے۔