اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر اور قائم مقام ریکٹور پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد کا یومِ دفاع کے موقع پر پاکستان کے جذبے اور شجاعت کو خراجِ تحسین

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے یومِ دفاع کے موقع پر پاکستان کے جذبہ حب الوطنی اور شجاعت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر اور قائم مقام ریکٹور پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے یومِ دفاع کے موقع پر پاکستان کے جذبے اور شجاعت کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے امن اورپائیداری کے لیے پاکستان کے عزم کو سراہا۔ اس یومِ دفاع پر میں اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ مل کر پاکستان کی مسلح افواج کی شجاعت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ یہ ان شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بھی دن ہے جنہوں نےاپنی سرزمین اور عوام کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کیں۔انہوں نے کہا کہ ایک سعودی شہری ہونے کے ناطے اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر و قائم مقام ریکٹور کی حیثیت سے، یہ خراجِ تحسین میرے لیے انتہائی دلی اور ذاتی اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان اب مجھے اپنے گھر کی طرح محسوس ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مملکتِ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو حالیہ ’’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے‘‘کے ذریعے مزید استحکام ملا ہے، یہ معاہدہ ہماری دونوں اقوام کے درمیان گہرے اعتماد اور اخوت کا واضح ثبوت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسی جذبے کے تحت میں پاکستان کی مسلح افواج کو صرف پاکستان کی افواج نہیں سمجھ سکتا وہ ہماری مشترکہ سلامتی میں برابر کی شریک ہیں اور میں آج ذاتی فخر اور بھائی چارے کے جذبے کے ساتھ انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان، اس کے عوام اور اس کے محافظوں کی حفاظت فرمائے، اور ان رشتوں کو مزید مضبوط کرے جو ہماری اقوام اور امتِ مسلمہ کو باہم جوڑتے ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر الاحمد اعلیٰ درجے کے بین الاقوامی دانشور اور عالم ہیں۔ انہوں نے قومی اور بین الاقوامی فورمز پر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی نمائندگی کی ہے اوریونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اپنے شدید عزم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے یونیورسٹی کے امور میں استحکام اور پائیداری پیدا کی ہے اور بہترین کارکردگی کے اپنے عزم سے نوجوان پاکستانیوں کے دل و دماغ جیت لیے ہیں۔پاک۔سعودی تعلقات کے اس تاریخی موڑ پر اسلام آباد میں ان کی موجودگی بھائی چارے اور یکجہتی کا ایک قوي پیغام دیتی ہے۔

مزید خبریں