اسلام آباد،ضلعی انتظامیہ کا زیرو ویسٹ آپریشن عید کے دوسرے روز بھی بھرپور انداز میں جاری

اسلام آباد،ضلعی انتظامیہ کا زیرو ویسٹ آپریشن عید کے دوسرے روز بھی بھرپور انداز میں جاری

اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شروع کیا گیا زیرو ویسٹ صفائی آپریشن دوسرے روز بھی کامیابی سے جاری رہا، آلائشوں کو گھروں سے اٹھا کر خندقوں میں ٹھکانے لگانے تک مربوط اور مؤثر حکمت عملی کے تحت صفائی کے عمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد شہر بھر میں جاری صفائی آپریشن کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ کر رہے ہیں جبکہ انتظامیہ کے مطابق عید کے پہلے روز موصول ہونے والی تمام شکایات کو کلیئر کر لیا گیا ۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عید کے دوسرے روز اب تک ہیلپ لائن 1334 پر 185 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 120 شکایات کا فوری ازالہ کر دیا گیا جبکہ باقی 65 شکایات پر کارروائیاں جاری ہیں۔

شہریوں کی شکایات پر فوری ردعمل کے لیے تمام متعلقہ افسران فیلڈ میں متحرک ہیں۔اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر نگرانی یونین کونسل سطح تک صفائی آپریشن بلا تعطل جاری ہے جبکہ قبرستانوں میں صفائی کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے بھی مختلف علاقوں کے دورے کیے جا رہے ہیں۔

زیرو ویسٹ پالیسی پر مکمل عملدرآمد کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سمیت دیگر افسران مختلف علاقوں کا معائنہ کر رہے ہیں، یونین کونسل سطح پر صفائی مہم کی نگرانی کے لیے تھرڈ پارٹی انسپیکشن کا عمل بھی جاری رکھا گیا ہے۔

شہریوں سے براہ راست فیڈ بیک لینے کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں ملاقاتیں کر رہے ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تمام افسران کو ہدایت کی ہے کہ عید کے تینوں روز فیلڈ میں موجود رہ کر صفائی اور شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنایا جائے۔