اسلام آباد، سکیورٹی مزید سخت، مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز

وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کے لیے پولیس نے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر مشترکہ گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز کیے۔ یہ کارروائیاں آئی جی اسلام آباد کے احکامات پر عمل میں لائی گئیں۔

اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کے لیے پولیس نے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر مشترکہ گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز کیے۔ یہ کارروائیاں آئی جی اسلام آباد کے احکامات پر عمل میں لائی گئیں۔پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ رمنا، کھنہ، سیکرٹریٹ، گولڑہ، سبزی منڈی، شہزاد ٹاؤن اور لوہی بھیر کے علاقوں میں سرچ آپریشنز زونل ایس پیز کی نگرانی میں کیے گئے، جن میں لیڈیز پولیس نے بھی حصہ لیا۔سرچ آپریشنز کے دوران 509 افراد اور 303 گھروں کی چیکنگ کی گئی جبکہ 47 ہوٹلز اور 80 دکانوں کی تلاشی بھی لی گئی۔ اس کے علاوہ 203 موٹر سائیکلوں اور 82 گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔

پولیس نے کارروائی کے دوران 38 مشکوک افراد اور 21 موٹر سائیکلوں کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانوں میں منتقل کر دیا۔حکام کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی کے لیے خصوصی چیکنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جبکہ تمام پٹرولنگ یونٹس اور خصوصی سکواڈ شہر بھر میں مسلسل گشت کر رہے ہیں۔ سینئر افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ چیکنگ کے دوران پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔