اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، ناقص صفائی پر سیکٹر I-10 میں قائم بیکری یونٹ سیل کر دیا

اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے فوڈ سیفٹی اور حفظانِ صحت کے قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر سیکٹر I-10 اسلام آباد میں قائم بیکری انڈسٹری یونٹ کو معائنے کے بعد موقع پر ہی سیل کر دیا،معائنے کے دوران بیکری کے ورکنگ ایریا میں انتہائی غیر صحت بخش اور ناقص حالات پائے گئے،وہاں ٹوٹے ہوئے انڈے استعمال کیے جا رہے تھے جبکہ دیواروں، چھتوں اور بیکنگ ٹریز …

اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے فوڈ سیفٹی اور حفظانِ صحت کے قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر سیکٹر I-10 اسلام آباد میں قائم بیکری انڈسٹری یونٹ کو معائنے کے بعد موقع پر ہی سیل کر دیا،معائنے کے دوران بیکری کے ورکنگ ایریا میں انتہائی غیر صحت بخش اور ناقص حالات پائے گئے،وہاں ٹوٹے ہوئے انڈے استعمال کیے جا رہے تھے جبکہ دیواروں، چھتوں اور بیکنگ ٹریز پر کاربن کی واضح تہہ جمی ہوئی تھی، اس کے علاوہ پینٹ اکھڑ کر براہِ راست خوراک میں گرنے کے شواہد بھی سامنے آئے۔معائنہ ٹیم نے فریزر کے اندر فنگس (پھپھوندی) کی موجودگی، فرش پر سگریٹ کے ٹوٹے ہوئے ٹکڑے اور مکھیوں کی بھرمار نوٹ کی جو ناقص صفائی اور مؤثر پیسٹ کنٹرول کے فقدان کی واضح نشاندہی کرتے ہیں۔

مزید برآں، بیکری کی مصنوعات پر تیاری اور میعاد ختم ہونے کی تاریخ درج نہیں تھی۔ ٹریس ایبلٹی ریکارڈ، انٹیگریٹڈ پیسٹ مینجمنٹ ( آئی پی ایم )ریکارڈ، سی آئی پی و ڈیپ کلیننگ ریکارڈ اور تیار شدہ مصنوعات کے لیبارٹری تجزیہ رپورٹس بھی دستیاب نہیں تھیں۔ عملے کے میڈیکل سکریننگ ریکارڈ موجود نہیں تھے جبکہ بیکری بغیر کسی درست اور فعال اسلام آباد فوڈ اتھارٹی لائسنس کے کام کر رہی تھی۔ان سنگین خلاف ورزیوں اور عوامی صحت کو لاحق شدید خطرات کے پیشِ نظر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے غیر محفوظ اور مضرِ صحت خوراک کی فراہمی روکنے کے لیے بیکری یونٹ کو فوری طور پر سیل کر دیا۔

علاوہ ازیں عوامی صحت کے خدشات کو مدِنظر رکھتے ہوئے مذکورہ بیکری کے زیرِ انتظام H-9 ویکلی بازار میں قائم سٹال کا لائسنس بھی منسوخ کر دیا گیا ۔اسلام آباد فوڈ اتھارٹی عوام کو یقین دلاتی ہے کہ غیر معیاری، مضرِ صحت اور غیر قانونی فوڈ بزنس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ تمام فوڈ بزنس آپریٹرز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ فوڈ سیفٹی قوانین، حفظانِ صحت کے معیار اور لائسنسنگ تقاضوں پر سختی سے عمل کریں۔ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے باقاعدہ معائنہ اور سخت قانونی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔