لاہور پولیس نے جشن عید میلادالنبیؐ کے موقع پر12 ربیع الاول کے جلوسوں،اجتماعات اور میلاد محافل کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان کے لیے انتظامات مکمل کر لیےہیں
جشن عید میلادالنبیؐ لاہور پولیس کا فول پروف سکیورٹی پلان، 8 ہزار سے زائد افسران و جوان تعینات

مزید خبریں
لاہور۔25اگست (اے پی پی):لاہور پولیس نے جشن عید میلادالنبیؐ کے موقع پر12 ربیع الاول کے جلوسوں،اجتماعات اور میلاد محافل کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان کے لیے انتظامات مکمل کر لیےہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کے مطابق شہر میں9 اجتماعات،238 جلوس اور 202 میلاد محافل کا انعقاد کیا جائے گا۔سکیورٹی انتظامات کی نگرانی8 ایس پیز،23 ایس ڈی پی اوز اور84 ایس ایچ اوز و انسپکٹرز کریں گے، جبکہ مجموعی طور پر8 ہزار سے زائد افسران و جوان سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔فیصل کامران نے بتایا کہ خواتین کے تحفظ اور مدد کے لیے لیڈیز پولیس اہلکار بھی تعینات کی گئی ہیں۔
جلوسوں کے روٹس کی سیف سٹیز کیمروں کے ذریعے لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جائے گی،جبکہ بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات ہوں گے۔ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ڈولفن،پی آر یو اور ایلیٹ فورس کے دستے شہر بھر میں مسلسل گشت کریں گے۔جلوسوں کے روٹس اور ملحقہ راستوں کو خاردار تاروں اور بیریئرز سے محفوظ بنایا جائے گا،جبکہ شرکا کو صرف مقررہ داخلی راستوں سے داخلے کی اجازت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی چیکنگ کے لیے میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس استعمال کیے جائیں گے۔شہری رواداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پرامن اور محفوظ ماحول کے قیام میں پولیس سے تعاون کریں۔







