کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل کی زیر صدارت ڈائریکٹوریٹس کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا،جس میں سوشل سکیورٹی کے فیلڈ آپریشنز اور ریکوری اہداف کا جائزہ لیا گیا
کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل کی زیر صدارت ڈائریکٹوریٹس کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

مزید خبریں
لاہور۔25اگست (اے پی پی):کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل کی زیر صدارت ڈائریکٹوریٹس کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا،جس میں سوشل سکیورٹی کے فیلڈ آپریشنز اور ریکوری اہداف کا جائزہ لیا گیا۔صوبہ بھر سے فیلڈ ڈائریکٹرز نے آن لائن شرکت کی اور اپنی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔اجلاس میں ڈی جی ہیڈکوارٹرز،ڈائریکٹر انسپکشن، ڈائریکٹر سی اینڈ بی اور دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں سوشل سکیورٹی کنٹری بیوشن اور ورکرز ویلفیئر فنڈز کی ریکوری کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ ڈائریکٹوریٹس کے ریکوری اہداف اور آئندہ کے لائحہ عمل پر کمشنر کو بریفنگ دی گئی۔کمشنر ذوالفقار علی کھرل نے ہدایت کی کہ نئے مالی سال کے مقررہ ریکوری اہداف ہر صورت حاصل کئے جائیں اور تمام صنعتی و تجارتی یونٹس سے ماہانہ واجب الادا ریکوری بروقت یقینی بنائی جائے۔
کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی نے کہا کہ واجبات کی وصولی میں تاخیر کرنے والے یونٹس سے ریکوری کا عمل تیز اور موثر بنایا جائے۔ریکوری اہداف کے لیے فیلڈ افسران مانیٹرنگ کا عمل مزید موثر بنائیں اور ریکوری میں بہتری کے لیے اہداف کے مطابق عملی اقدامات اور مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ غیر رجسٹرڈ محنت کشوں کو سوشل سکیورٹی اسکیم میں شامل کرنے کا عمل ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے اور زیادہ سے زیادہ ورکرز کو سوشل سکیورٹی کے دائرہ کار میں لانے کے لیے موثر حکمتِ عملی اختیار کی جائے۔کمشنر نے کہا کہ نئے مالی سال کے اہداف کے حصول کے لیے تمام ڈائریکٹوریٹس ذمہ داری اور ٹیم ورک کے ساتھ اپنی کارکردگی بہتر بنائیں۔







