سیرتِ النبی ﷺ پوری انسانیت کیلئے رحمت، عدل، شفقت اور امن کی ابدی روشنی ہے،بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 12 ربیع الاول 1448ھ کے بابرکت موقع پر قوم سمیت پوری امت مسلمہ کو نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سیرتِ النبی ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت، عدل، شفقت اور …

اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 12 ربیع الاول 1448ھ کے بابرکت موقع پر قوم سمیت پوری امت مسلمہ کو نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سیرتِ النبی ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت، عدل، شفقت اور امن کی ابدی روشنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کا پیغام زمان و مکان کی حدود سے بالاتر ہے اور انسانیت کی حقیقی فلاح آپ ﷺ کے اسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونے، کمزوروں کا ساتھ دینے، عفو و درگزر سے کام لینے اور ہر انسان کے وقار و حقوق کا احترام کرنے میں ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم پر زور دیا کہ وہ نبی کریم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ اور کردارِ عظیم سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اخوت، رواداری، حسنِ سلوک اور انسانیت کی خدمت کے عزم کی تجدید کرے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور امتِ مسلمہ کو باہمی ہم آہنگی، خوشحالی اور دائمی امن عطا فرمائے اور ہمیں نبی اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے اسوۂ حسنہ کو اپنی انفرادی زندگی اور اجتماعی کردار میں اپنانے کی بصیرت اور توفیق عطا فرمائے۔