اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کے3 سال میں 47 ہزار سے زائد انسپیکشنز، 1200 یونٹس سیل

اسلام آباد فوڈ اتھارٹی (آئی ایف اے)نے عیدالاضحیٰ کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی تین سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کردی جس کے مطابق 47 ہزار 252 انسپیکشنز کی گئیں، 1200 سے زائد فوڈ یونٹس کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ صفائی کے ناقص انتظامات پر 2700 سے زائد دکانوں کو جرمانے کئے گئے۔

اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):اسلام آباد فوڈ اتھارٹی (آئی ایف اے)نے عیدالاضحیٰ کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی تین سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کردی جس کے مطابق 47 ہزار 252 انسپیکشنز کی گئیں، 1200 سے زائد فوڈ یونٹس کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ صفائی کے ناقص انتظامات پر 2700 سے زائد دکانوں کو جرمانے کئے گئے۔حکام کے مطابق اس عرصے کے دوران 10 ہزار سے زائد کاروباری لائسنس بھی جاری کئے گئے۔اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کا اجلاس ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی عرفان نواز میمن کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں عیدالاضحیٰ کے دوران خوراک کی حفاظت سے متعلق انتظامات اور گزشتہ تین برسوں کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پرگوشت اور دیگر اشیائے خورونوش کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر فوڈ سیفٹی معیارات کی نگرانی کے لیے کئے جانے والے اقدامات پر غور کیا گیا۔

حکام نے انسپیکشن پلان، مانیٹرنگ ٹیموں اور نفاذی اقدامات پر بریفنگ دی تاکہ شہریوں کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔رپورٹ کے مطابق اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے گزشتہ تین برسوں میں ریسٹورنٹس، دکانوں، فوڈ پروڈکشن یونٹس اور خوراک سے وابستہ دیگر کاروباری مراکز میں 47 ہزار 252 انسپیکشنز کیں۔حکام نے بتایا کہ فوڈ سیفٹی اور صفائی کے معیارات پر پورا نہ اترنے والے کاروباری اداروں کو 25 ہزار سے زائد بہتری نوٹس جاری کئے گئے جن میں صفائی، ذخیرہ اندوزی اور خوراک کو محفوظ طریقے سے سنبھالنے کے نظام بہتر بنانے کی ہدایات شامل تھیں۔رپورٹ کے مطابق ناقص اور غیر معیاری خوراک تیار اور فروخت کرنے والے 1200 سے زائد یونٹس کو سیل کیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ یہ کارروائیاں فوڈ کوالٹی اور صحت عامہ کے قوانین کی خلاف ورزیوں پر کی گئیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ حفظانِ صحت کے اصولوں اور فوڈ سیفٹی معیارات کی خلاف ورزی پر 2700 سے زائد دکانوں کو جرمانے کیے گئےجبکہ 200 سے زائد خفیہ شکایات اور رپورٹس کی بنیاد پر بھی بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں۔حکام کے مطابق فوڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے 63 سیمینارز اور آگاہی سیشنزمنعقد کیے گئے تاکہ شہریوں اور کاروباری افراد کو صفائی اور محفوظ خوراک کے اصولوں سے آگاہ کیا جا سکے۔

اتھارٹی نے خوراک کے معیار، صفائی اور کاروباری طریقہ کار سے متعلق 1200 سے زائد عوامی شکایات پر بھی کارروائی کی جبکہ مختلف شکایتی ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات پر فوری اقدامات کئے گئے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ رجسٹریشن اور انسپیکشن کے تقاضے مکمل کرنے کے بعد 10 ہزار سے زائد کاروباری یونٹس کو لائسنس جاری کئے گئے تاکہ وفاقی دارالحکومت میں خوراک سے وابستہ کاروباروں کی مؤثر نگرانی اور ریگولیشن ممکن بنائی جا سکے۔رپورٹ کے مطابق فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث 56 کاروباری مراکز کے خلاف مقدمات بھی درج کئے گئے ۔

ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی عرفان نواز میمن نے انسپیکشن ٹیموں کو ہدایت کی کہ عیدالاضحیٰ کے دوران انسپیکشن سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور شہر بھر میں سخت نگرانی جاری رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر صورت شہریوں کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔حکام نے مزید بتایا کہ عید سے قبل اور عید کے دوران گوشت کی ہینڈلنگ، ذخیرہ اندوزی اور صفائی کے معیارات کی جانچ کے لیے مانیٹرنگ آپریشنز جاری رہیں گے۔