"یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر برسلز میں پاکستان کے سفارت خانے نے ایک ہفتے پر مشتمل تصویری نمائش کا افتتاح کیا، جس کا مقصد بھارتی غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کو اجاگر کرنا اور کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔”
یومِ استحصالِ کشمیر (5 اگست) کے موقع پر برسلز میں پاکستان کے سفارت خانے کا تصویری نمائش کا افتتاح

مزید خبریں
برسلز ۔31جولائی (اے پی پی):یومِ استحصالِ کشمیر (5 اگست)کے موقع پر برسلز میں پاکستان کے سفارت خانے نے 31 جولائی 2026 کو ایک ہفتے پر مشتمل تصویری نمائش کا افتتاح کیا، جس کا مقصد بھارتی غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کو اجاگر کرنا اور کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔
نمائش میں گزشتہ کئی دہائیوں سے، بالخصوص 5 اگست 2019 کے بعد، بھارتی غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام کو درپیش مشکلات، انسانی بحران اور مسلسل عائد پابندیوں کی عکاسی کی گئی ہے۔ تصاویر اور دستاویزی مواد کے ذریعے وزٹرز کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کرنے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ جموں و کشمیر کے پرامن حل کی اہمیت اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے بیلجیم میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر، جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور ان کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی پاکستان کی اصولی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر کے تنازع کوبین الاقوامی قانون اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور استحکام کا قیام ممکن نہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کے تحفظ اور مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے۔یہ تصویری نمائش برسلز میں پاکستان کے سفارت خانے میں ایک ہفتے تک جاری رہے گی اور کشمیری عوام کی ثابت قدمی اور ان کےبنیادی حق حقِ خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کی یاد تازہ کرتی رہے گی۔








