اسلام آباد کےمرغزار چڑیا گھر کو عالمی سطح کے مارگلہ وائلڈ لائف کنزرویشن سنٹر میں تبدیل کرنے کا اہم فیصلہ

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر کو عالمی نوعیت کے مارگلہ وائلڈ لائف کنزرویشن سنٹر میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں ماہرین کی مشاورت سے جامع منصوبہ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے فیصلہ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے دوسرے اجلاس میں کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے …

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر کو عالمی نوعیت کے مارگلہ وائلڈ لائف کنزرویشن سنٹر میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں ماہرین کی مشاورت سے جامع منصوبہ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے فیصلہ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے دوسرے اجلاس میں کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے اس حوالے سے بتایا کہ موجودہ حکومت کے کلین گرین ایجنڈے اور ماحول دوست پالیسیوں کے تحت جنگلی حیات کی بہتری اور تحفظ کے لیے بہترین اقدامات لئے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں معزز عدالتِ عظمٰی کے احکامات کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ اس امر میں ایک جامع منصوبہ ماہرینِ جنگلی حیات کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔ جس کے تحت مقامی اقسام کے جانوروں کے لیے ایک بہترین ویٹر نری ہسپتال کا قیام عمل میں لایا جائے گا جہاں ان کی صحت اور علاج سے متعلق تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ مزید برآں اس سنٹر میں ریسکیو اور ٹراما سنٹر بھی ہوگا جو زخمی جانوروں کی دیکھ بھال میں بہترین ثابت ہوگا۔یہ کنزرویشن سنٹر مارگلہ ہل نیشنل پارک کے قریب واقع ہونے سے یہاں بہت سے مقامی اقسام کے جانور بھی موجود ہیں جن کو نئے منصوبہ کے تحت اوپن انکلوژرز میں رکھا جائے گا تاکہ وہ تمام سہولیات کے ساتھ بہتر زندگی گزار سکیں۔ان تمام اقدامات کے پیشِ نظر مرغزار چڑیا گھر کا رقبہ 25 ایکڑ سے 82 ایکڑ تک بڑھا دیا گیا ہےجس کی وجہ یہ ہے کہ اسلام آباد کے لوگوں کو ان کا قیمتی اثاثہ بہتر سہولیات میں تبدیل کر کے فراہم کیا جائے۔ معاونِ خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا کہ مارگلہ وائلڈ لائف کنزرویشن سنٹر جنگلی حیات کے تحفظ اور ان کی بہتر سہولیات کا ادارہ بنایا جائے گا۔ موجودہ حکومت نے اس بات کی یقین دہانی کروائی ہے کہ جنگلی حیات کی بہتری کے لیے تجربہ کار اسٹاف اور ایک مضبوط مینجمنٹ ترتیب دی جائے گی۔ معلومات اور ریسرچ سنٹر کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے جس سے عوامی آگاہی کے پہلو کو بھی اہمیت دی جارہی ہے۔تاہم اس امر کا مقصد عوام میں جنگلی حیات کے حقوق اور تحفظ سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔ معاونِ خصوصی نے مزید کہا کہ مرغزار چڑیا گھر آنے والی عوام کی تفریح کے لیے ایک الیکٹرک ٹرین بھی چلائی جائے گی جو وزیرِ اعظم عمران خان کے ماحول دوست ویژن کی عکاسی کرتی ہے۔ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو اس بات کا مکمل یقین ہے کہ جنگلی حیات کا تحفظ آئندہ نسلوں کے لیے ماحول کو محفوظ رکھنے کے مترادف ہے اور اس امر میں تمام تر وسائل کو بخوبی بروئے کار لایا جائے۔