جنوبی ایشیاء اولمپک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس، 14ویں جنوبی ایشیائی کھیلوں کی تیاریوں کا جائزہ
جنوبی ایشیاء اولمپک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس، 14ویں جنوبی ایشیائی کھیلوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا
لاہور۔23اگست (اے پی پی):جنوبی ایشیاء اولمپک کونسل(ایس اے او سی ) کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس 23 اگست بروز اتوار کو منعقد ہوا جس میں پاکستان میں 3 سے 11 اپریل 2027 تک ہونے والے 14ویں جنوبی ایشیائی کھیلوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ ترجمان پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے مطابق اجلاس کی صدارت ایس اے او سی اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید نے کی جبکہ بنگلہ دیش، بھوٹان، بھارت، مالدیپ، نیپال اور سری لنکا کی قومی اولمپک کمیٹیوں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ 14ویں جنوبی ایشیائی کھیلوں میں 28 کھیل شامل ہوں گے، جن میں خواتین 25 کھیلوں میں حصہ لیں گی،9 روزہ مقابلوں میں 346 میڈل ایونٹس ہوں گے۔ ترجمان کے مطابق کھیلوں میں تقریباً3 ہزار 200 ایتھلیٹس سمیت مجموعی طور پر 4 ہزار 200 کے قریب افراد کی شرکت متوقع ہے،مقابلے اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں28 مختلف وینیوز پر منعقد ہوں گے۔ اجلاس میں کمیٹی کو لاہور اور پشاور میں جاری تیاریوں پر بریفنگ دی گئی جبکہ اراکین کل 24 اگست کو اسلام آباد کے مقابلوں کے مقامات کا دورہ کریں گے۔اجلاس میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے رہائش، ٹرانسپورٹ، کھیلوں کے دوران سہولیات، رابطہ کاری اور دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ پاکستان میں کھیلوں کے آغاز سے قبل مختلف سرگرمیوں اور 100 ڈیز ٹو گو مرحلے کی تیاریوں پر بھی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔کمیٹی نے پاکستان کی جانب سے جنوبی ایشیاء کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے استقبال کے لیے جاری تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ترجمان کے مطابق پاکستان اپریل 2027 میں کھیلوں کے ذریعے خطے میں دوستی، تعاون اور اتحاد کے جذبے کو فروغ دینے کے عزم کے ساتھ جنوبی ایشیاء کے ممالک کی میزبانی کرے گا۔








