خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کی نمائش، ہنر کو کاروبار اور پائیدار روزگار میں بدلنے پر زور

پاکستان بیت المال، وزیراعظم یوتھ پروگرام اور النساء دستکاری سکول کے اشتراک سے نمائش، خواتین مراکز میں زیر تربیت خواتین کی تیار کردہ مصنوعات پیش

اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):پاکستان بیت المال (پی بی ایم ) نے وزیراعظم یوتھ پروگرام اور النساء دستکاری سکول کے اشتراک سے نمائش کا انعقاد کیاجس میں ملک بھر کے خواتین بااختیار مراکز میں زیر تربیت خواتین کی تیار کردہ مصنوعات پیش کی گئیں۔

نمائش کا مقصد خواتین کو براہِ راست صارفین اور کاروباری برادری تک رسائی فراہم کرنا اور مارکیٹنگ، فروخت، کاروبار اور پائیدار روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا تھا۔نمائش میں پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر سینیٹر کیپٹن (ر) شاہین خالد بٹ نےبطور مہمان خصوصی شرکت کی۔انہوں نے خواتین کی تخلیقی صلاحیتوں، ہنرمندی اور محنت کو سراہتے ہوئے شراکت دار اداروں کی جانب سے خواتین کو اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے کےاقدام کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ اس موقع پر شاہین خالد بٹ نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے اقدامات صرف فنی تربیت تک محدود نہیں ہونے چاہئیں بلکہ ہنر مندی سے کاروبار، مارکیٹ تک رسائی اور پائیدار آمدن کے حصول تک مکمل راستہ فراہم کیا جانا چاہیے۔انہوں نے خواتین کوجدید مارکیٹنگ بالخصوص ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور آن لائن فروخت کی مہارتیں سکھانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ان کی تیار کردہ مصنوعات مقامی منڈیوں سے باہر بھی صارفین تک پہنچ سکیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین مصنوعات تیار کرنے والوں کو ای کامرس پلیٹ فارمز سے منسلک کرنے سے وہ اپنے کاروبار کو وسعت دینے، نئے صارفین تک رسائی حاصل کرنے اور آمدن کے پائیدار ذرائع پیدا کرنے کے قابل ہو سکتی ہیں۔نمائش میں عوام، ممکنہ خریداروں اور کاروباری برادری نے شرکت کی، جس سے خواتین زیر تربیت کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے، براہِ راست فروخت کے امکانات تلاش کرنے اور صارفین کے نیٹ ورک قائم کرنے کا موقع ملا۔سینیٹر شاہین خالد بٹ نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) اور نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (NUTECH) کے تعاون سے پاکستان بیت المال کے 165 خواتین بااختیار مراکز میں متعارف کرائی گئی اصلاحات کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد مارکیٹ کی بدلتی ضروریات کے مطابق فنی تربیت کو جدید بنانا ہے۔انہوں نے خواتین کے لیے پائیدار معاشی مواقع پیدا کرنے کے لیے سرکاری اداروں، کاروباری شعبے، نجی تنظیموں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے درمیان مزید مضبوط شراکت داری پر زور دیا۔وزیراعظم کےاڑان پاکستان پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال نے کہا کہ ادارے کا وژن خواتین کی فنی تربیت، کاروباری مواقع، مارکیٹ تک رسائی اور ڈیجیٹل شمولیت کے ذریعے جامع معاشی ترقی کے قومی ہدف سے ہم آہنگ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال خواتین کو ایسا سازگار ماحول فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا جہاں وہ اپنی مہارتوں کو قابلِ عمل کاروبار میں تبدیل کرکے مالی خودمختاری حاصل کر سکیں اور ملکی معیشت میں مزید فعال کردار ادا کریں۔