اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے باعث مختلف شاہراہوں پر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر اور سست ہونے کا امکان ہے لہذا شہریوں کو دورانِ سفر خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں موسلا دھار بارش ، ٹریفک پولیس کی شہریوں کو دورانِ سفر احتیاط برتنے کی ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے باعث مختلف شاہراہوں پر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر اور سست ہونے کا امکان ہے لہذا شہریوں کو دورانِ سفر خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق شہری بارش کے دوران سفر کے لیے اضافی وقت لے کر گھروں سے نکلیں، گاڑی اور موٹرسائیکل کی رفتار کم رکھیں اور آگے جانے والی گاڑیوں سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور دورانِ ڈرائیونگ اپنی لین میں رہیں۔ سائیڈ شیشوں، انڈیکیٹرز اور سیٹ بیلٹ کا استعمال یقینی بنایا جائے۔موٹرسائیکل سواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتہائی بائیں لین میں سفر کریں اور ہیلمٹ کا لازمی استعمال کریں۔
ترجمان کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران شہریوں کی سہولت اور آگاہی کے لیے مختلف شاہراہوں پر موجود ہیں اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔شہری مزید ٹریفک اپ ڈیٹس کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کا واٹس ایپ چینل فالو کرنے کے علاوہ اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پیجز اور آئی ٹی پی ایف ایم 92.4 سے بھی رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔







