اسلام آباد میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر

اسلام آباد میں 9 محرم کا مرکزی جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر

اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پرامن ماحول میں اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ جلوس کے دوران سکیورٹی اور انتظامی امور کی مؤثر نگرانی کے لیے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سمیت تمام اسسٹنٹ کمشنرز جلوس کی برآمدگی سے لے کر اختتام تک فیلڈ میں موجود رہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق جلوس کے پرامن انعقاد کے لیے سکیورٹی اور انتظامی اداروں نے مربوط انداز میں فرائض انجام دیے۔ جلوس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تمام افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) اسلام آباد نے محرم کے جلوس کے دوران ڈیوٹی سرانجام دینے والے افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے عزاداروں اور شہریوں کے تعاون کو بھی سراہا، جنہوں نے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے جلوس کے پرامن انعقاد میں اپنا کردار ادا کیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق جلوس کے باعث عارضی طور پر بند کیے گئے راستوں کو جلد ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کی جا سکے۔ انتظامیہ نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے پر تمام متعلقہ اداروں اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں