محرم الحرام کے موقع پر وہاڑی میں تاریخ کے بہترین انتظامات کیے گئے ،صوبائی وزیر رانا سکندر حیات

وہاڑی میں محرم کے مثالی انتظامات، عزاداروں کیلئے جدید سہولیات فراہم کی گئیں: رانا سکندر حیات

وہاڑی۔25 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محرم الحرام کے موقع پر وہاڑی میں تاریخ کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، پہلی مرتبہ عزاداروں کی سہولت کے لیے موبائل ہسپتال، موبائل واش رومز، پانی اور شربت کی سبیلیں، مسٹ سپرے مشینیں اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں جبکہ تمام مکاتب فکر کے نمائندگان حکومتی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے معاونِ خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب سلمیٰ بٹ کے ہمراہ مرکزی امام بارگاہ سفارت زینبیہ، جلوسوں کے روٹس اور ضلعی کنٹرول روم کے دورے کے موقع صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ، ڈی پی او تصور اقبال، ایم پی اے میاں ثاقب خورشید بھی موجود تھے۔ وفد نے عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، سیکیورٹی انتظامات، فیلڈ ہسپتال، سبیلوں اور لائیو مانیٹرنگ سسٹم کا جائزہ لیا جبکہ امام بارگاہ انتظامیہ نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ معاونِ خصوصی سلمیٰ بٹ نے کہا کہ مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب نے محرم الحرام کے دوران عزاداروں کی سہولت اور امن و امان کے قیام کے لیے مثالی اقدامات کیے ہیں۔ رانا سکندر حیات نے تمام مجالس اور جلوسوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر محکموں کی کارکردگی کو سراہا اور بتایا کہ ضلع بھر میں نواز ایمنینس اسکول قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ بی زیڈ یو کا وہاڑی کیمپس گورنمنٹ کامرس کالج میں یکم ستمبر سے فنکشنل ہو جائے گا

مزید خبریں