یومِ عاشور صبر، استقامت اور حق پر ثابت قدمی کا درس دیتا ہے، صدر زرداری
یوم عاشور ہمیں صبر، استقامت، ایثار، حق گوئی اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتا ہے، صدر آصف علی زرداری کا یوم عاشورہ پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یوم عاشور اسلامی تاریخ کا ایک عظیم اور بامعنی دن ہے جو ہمیں صبر، استقامت، ایثار، حق گوئی اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتا ہے، یہ دن کئی اہم تاریخی واقعات کی یاد تازہ کرتا ہے تاہم تاریخ اسلام میں اس کی سب سے نمایاں نسبت نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ، اہل بیت اطہار اور ان کے رفقائے وفا کی اس عظیم قربانی سے ہے جو 61 ہجری میں میدان کربلا میں پیش آئی۔
جمعرات کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے یوم عاشورہ کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ واقعہ کربلا محض ایک تاریخی سانحہ نہیں بلکہ ایک دائمی پیغام اور ایک زندہ درسگاہ ہے، حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے عمل سے امت مسلمہ کو یہ تعلیم دی کہ حق، عدل، دیانت اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی دی جا سکتی ہے لیکن باطل، ظلم اور ناانصافی کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کیا جا سکتا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ان کی جدوجہد کا مقصد امت کی اصلاح اور دین محمدی ﷺ کی حقیقی اقدار کا تحفظ تھا، آج ہمیں بطور قوم یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی سیرت سے حق پسندی، اخلاقی جرأت، صبر و تحمل، ایثار اور خدمت خلق کے اوصاف کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنائیں گے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ وہ تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ عاشورہ کے ایام میں امن، رواداری، بین المسالک احترام اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دیں، افواہوں اور اشتعال انگیز رویوں سے اجتناب کریں اور قومی وحدت و یکجہتی کے استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں واقعہ کربلا کے حقیقی پیغام کو سمجھنے، اس سے رہنمائی حاصل کرنے اور اپنی زندگیوں کو حق، عدل، صبر اور تقویٰ کے اصولوں کے مطابق استوار کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔







