اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی آبگاہوں کے عالمی دن 2026 کی مناسبت سے تین روزہ آگاہی اور صفائی مہم

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ (آئی ڈبلیو ایم بی) نے آبگاہوں کے عالمی دن 2026 کی مناسبت سے 31 جنوری سے 2 فروری تک آبگاہوں کےتحفظ، ماحولیاتی آگاہی اور عوامی شمولیت کے فروغ کے لیے تین روزہ تقریبات کا انعقاد کیا ہے۔ یہ سرگرمیاں مارگلہ ہلز نیشنل پارک اور کنارہ پارک سمیت مختلف مقامات پر منعقد ہوئیں۔تقریبات کا آغاز 31 جنوری کو مارگلہ ہلز نیشنل …

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ (آئی ڈبلیو ایم بی) نے آبگاہوں کے عالمی دن 2026 کی مناسبت سے 31 جنوری سے 2 فروری تک آبگاہوں کےتحفظ، ماحولیاتی آگاہی اور عوامی شمولیت کے فروغ کے لیے تین روزہ تقریبات کا انعقاد کیا ہے۔ یہ سرگرمیاں مارگلہ ہلز نیشنل پارک اور کنارہ پارک سمیت مختلف مقامات پر منعقد ہوئیں۔تقریبات کا آغاز 31 جنوری کو مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے قدرتی ندی نالوں پر صفائی مہم سے ہوا جس کا مقصد قدرتی آبی گزرگاہوں کو آلودگی اور ٹھوس کچرے سے محفوظ رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔

دوسرے روز آئی ڈبلیو ایم بی نے سول سوسائٹی تنظیموں اور فرینڈز آف مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے اشتراک سے صفائی مہم کا انعقاد کیا۔رضاکاروں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے کچرا صاف کیا اور آبی گزرگاہوں اور میٹھے پانی کے ماحولیاتی نظام کی اہمیت سے متعلق آگاہی دی۔تقریبات کے آخری روز کنارہ پارک میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جہاں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے آگاہی سیشن اور صفائی مہم میں عملی طور پر حصہ لیا اور اس موقع پر یہ واضح پیغام دیا کہ ویٹ لینڈز محض خوبصورت مناظر نہیں بلکہ پاکستان کے عوام کے لیے معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے اہم ذرائع ہیں۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے پانی کے تحفظ، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے،حیاتیاتی تنوع اور مقامی معیشت میں آبگاہوں کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی اور ان قیمتی ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے اجتماعی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔آگاہی سرگرمیوں کے دوران سکول کے بچوں نے پوسٹر ڈسپلے سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیاجن میں ویٹ لینڈز کے تحفظ، صاف پانی اور ماحولیاتی ذمہ داری سے متعلق پیغامات تخلیقی انداز میں پیش کیے ۔

اس موقع پر سیکرٹری آئی ڈبلیو ایم بی نے اپنے بیان میں کہا کہ آبگاہوں اور قدرتی ندی نالوں کو صاف رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ آلودگی سے بچائو ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دلدلی علاقوں کا تحفظ اور آبی گزرگاہوں کی صفائی حیاتیاتی تنوع کے استحکام،ماحولیاتی توازن اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے نہایت ضروری ہے۔

آئی ڈبلیو ایم بی نے آبی گزرگاہوں کے تحفظ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور وفاقی وزیر، شراکت دار اداروں، سول سوسائٹی، رضاکاروں اور طلبہ کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے آبگاہوں کے عالمی دن 2026 کو بامقصد اور موثر بنادیا ہے۔