اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) نے ایک اہم ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت میں جاری تعمیراتی کام کے باعث اتاترک ایونیو پر سڑکوں کی بندش اور متبادل راستوں کے منصوبے کا اعلان کیا ہے
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی

مزید خبریں
اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) نے ایک اہم ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت میں جاری تعمیراتی کام کے باعث اتاترک ایونیو پر سڑکوں کی بندش اور متبادل راستوں کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ منگل کو ایک آئی ٹی پی اہلکار نے ’’اے پی پی‘‘کو بتایا کہ ایکسپریس چوک سے ایوب چوک (آغا خان روڈ) تک اتاترک ایونیو ٹریفک کے لیے بند رہے گا اور یہ متبادل منصوبہ 31 مارچ 2026 سے منصوبے کی تکمیل تک نافذ العمل رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جناح ایونیو سے میریٹ ہوٹل جانے والے مسافروں کو چائنا چوک، پریس کلب روڈ، سپر مارکیٹ اور آغا خان روڈ کے ذریعے موڑا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خیابانِ سہروردی اور ایمبیسی روڈ سے میریٹ ہوٹل کی طرف آنے والی ٹریفک کو شاہراہِ شہیدِ ملت، چائنا چوک انڈرپاس، پریس کلب روڈ اور آغا خان روڈ کے ذریعے گزارا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سری نگر ہائی وے سے سیکرٹریٹ جانے والی ٹریفک کے لیے سیرینا چوک، گلوب چوک اور سیکرٹریٹ چوک متبادل راستے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیونتھ ایونیو سے آنے والے شہری مارگلہ روڈ اور شاہراہِ دستور کے ذریعے سیکرٹریٹ جا سکتے ہیں۔ سیکٹر ایف 6 کے رہائشیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے سیونتھ ایونیو اور مارگلہ روڈ کو بطور متبادل راستہ استعمال کریں۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے سفر کی پیشگی منصوبہ بندی کریں اور تعمیراتی مدت کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک اہلکاروں سے تعاون کریں۔








