خیابانِ سحر میں این آر ایل کی تیل پائپ لائن پھٹ گئی، حفاظتی اعلامیہ جاری

"کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں نیشنل ریفائنری لمیٹڈ کی خام تیل کی پائپ لائن میں لیکیج کے واقعے پر سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) نے عوامی آگاہی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے حفاظتی اعلامیہ جاری کر دیا۔”

کراچی۔ 16 اگست (اے پی پی):کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6، خیابانِ سحر اسٹریٹ 13 میں نیشنل ریفائنری لمیٹڈ کی خام تیل کی پائپ لائن میں لیکیج کے واقعے پر سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) نے عوامی آگاہی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے حفاظتی اعلامیہ جاری کردیا۔

ڈی جی سیپا عاشق لانگا کا کہنا ہے کہ خام تیل کی لیکیج گزشتہ رات تقریباً 10 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوئی۔ واقعے کی اطلاع کے بعد این آر ایل کی رسپانس ٹیم رات تقریباً 12 بجے موقع پر پہنچی اور فوری طور پر تیل کے پھیلاؤ کو روکنے اور صفائی کا عمل شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسپِل کٹس کے ذریعے خام تیل جمع کیا گیا اور اب تک 20 سے زائد ڈرم تیل برآمد کیا جاچکا ہے۔ متاثرہ مقام پر کھدائی کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے تاکہ لیکیج کے اصل مقام کا تعین کرکے اسے مکمل طور پر روکا جاسکے۔ سیکریٹری ماحولیات فیصل عقیلی نے ہدایت جاری کی ہے کہ متاثرہ مٹی، ریت اور کیچڑ کو ماحولیاتی قوانین کے مطابق ہٹاکر محفوظ طریقے سے تلف کیا جائے جبکہ تدارکی کارروائی مکمل ہونے کے بعد متاثرہ جگہ پر صاف ریت ڈالی جائے۔ سیپا کی جانب سے صورتحال کی نگرانی جاری ہے اور این آر ایل انتظامیہ کو لیکیج روکنے، آلودہ مواد کی مناسب تلفی اور ماحول پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہریوں کا تحفظ اور ماحول کو مزید آلودگی سے بچانا سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ خام تیل کی لیکیج کے فوری تدارک اور آلودہ مٹی و دیگر مواد کی ماحولیاتی قوانین کے مطابق تلفی کو یقینی بنایا جائے گا۔ متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کررہے ہیں اور صورتحال کی مکمل نگرانی کی جارہی ہے۔ سیپا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ علاقے سے دور رہیں، خام تیل کے قریب سگریٹ نوشی یا کھلے شعلے سے گریز کریں اور تیل کو خود صاف کرنے یا پانی کے ذریعے نالیوں میں بہانے کی کوشش نہ کریں جبکہ لیکیج یا تیل کے مزید پھیلاؤ کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دی جائے۔