بلال یاسین کی زیر صدارت پھاٹا گورننگ باڈی کا اجلاس،سالانہ کارکردگی و اہداف کا جائزہ لیا

"وزیراعلیٰ پنجاب ’اپنی چھت، محفوظ چھت‘ پروگرام کو عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، جس کے تحت اب تک پورٹل پر مجموعی طور پر 89 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔”

لاہور۔16اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب اپنی چھت ومحفوظ چھت پروگرام کی ریکارڈ مقبولیت،اب تک پورٹل پر مجموعی طور پر 89 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔

تفصیل کے مطابق وزیر ہائوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت پھاٹا گورننگ باڈی کا اجلاس ہوا جس میں پہلی بار پھاٹا گورننگ باڈی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے سالانہ کارکردگی و اہداف کا جائزہ لیا گیا۔ گورننگ باڈی نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی کامیابی پر پھاٹا کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا۔ اپنی زمین اپنا گھر کے تحت مفت پلاٹس کی فراہمی بارے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں پھاٹا کی زمینوں پر افورڈایبل ہائوسنگ پروگرام کو وسعت دینے کی منظوری دی گئی۔اس موقع پر صوبائی وزیر بلال یاسین کا کہنا تھا کہ افورڈایبل اسکیموں کیلئے بھی پھاٹا قوانین کے موثر اطلاق کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے بلاسود قرضوں کی فراہمی کے منصوبوں پر لاکھوں افراد کی درخواستیں اعتماد کا اظہار ہے، گرین ایریاز پر رہائشی اسکیموں کی منظوری سے ماحولیاتی خطرات لاحق ہوئے۔انہوں نے کہاکہ غیر قانونی ہائوسنگ اسکیموں کیخلاف انفورسمنٹ کارروائیوں میں تیزی لائی جائے، قوانین کی پاسداری کرنیوالے ڈویلپرز کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ بلال یاسین نے واضح کیا کہ دھوکہ دہی سے عوام کو فائلیں فروخت کرنیوالوں کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔