صوبائی وزیررانا سکندر حیات کا یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہورمیں دو روزہ ہیلتھ کانفرنس کا افتتاح

"پنجاب کے وزیر ہائر ایجوکیشن رانا سکندر حیات نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور میں دو روزہ انٹر ڈسپلنری ریسرچ کانفرنس آن ون ہیلتھ (IRCOH 2026) کا افتتاح کر دیا۔”

لاہور۔16اگست (اے پی پی):پنجاب کے وزیر ہائر ایجوکیشن رانا سکندر حیات نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہورمیں دو روزہ انٹر ڈسپلنری ریسرچ کانفرنس آن ون ہیلتھ (IRCOH 2026) کا افتتاح کردیا۔

کانفرنس میں 32 وائس چانسلرز،200 سے 250 شرکا، بین الاقوامی محققین اور ماہرین نے شرکت کی، جہاں انسانی، حیوانی اور ماحولیاتی صحت کے باہمی تعلق سے جڑے چیلنجز کے حل کے لیے مشترکہ تحقیقی اور علمی کاوشوں کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔کانفرنس کی صدارت وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چوہدری نے کی،جبکہ ڈائریکٹر ڈویژن آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ اندلیب نے کانفرنس چیئر کی ذمہ داریاں انجام دیں۔32 جامعات کے وائس چانسلرز کی شرکت نے IRCOH 2026 کو ملک میں اعلی تعلیم کی قیادت کے ایک اہم اجتماع کی حیثیت دے دی۔کانفرنس کے افتتاح کے بعد پاکستان ون ہیلتھ یونیورسٹیز نیٹ ورک (PAKOHUN) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کے تمام صوبوں کی جامعات کے درمیان رابطہ کاری، استعدادِ کار میں اضافے، علم و تجربات کے تبادلے اور انسانی و حیوانی صحت کی بہتری کے لیے مشترکہ منصوبوں پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں یونیورسٹی آف لنکاشائر کے ڈاکٹر احتشام الرحمن نے بھی گفتگو کی۔دو روزہ کانفرنس میں 42 تحقیقی مقالے پیش کیے جا رہے ہیں، جبکہ 3 غیر ملکی محققین اور 3 بین الاقوامی کلیدی مقررین شریک ہیں۔ فرانس، برازیل، ملائیشیائ، انڈونیشیائ، تھائی لینڈ، سعودی عرب اور چین سمیت 7 ممالک کی نمائندگی ہے۔ یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے ڈائریکٹرز، پرنسپلز، اساتذہ، افسران اور طلبہ بھی قومی و بین الاقوامی محققین کے ہمراہ کانفرنس میں شریک ہیں۔IRCOH 2026 میں حیاتیاتی ٹیکنالوجی، میرین سائنسز، انجینئرنگ، امراضِ قلب، کوگنیٹو نیورو سائنس و مصنوعی ذہانت، ڈینٹل بائیومیٹیریلز، ویٹرنری سائنسز، جینومکس، مائیکرو بائیولوجی، کینسر ریسرچ، ریڈیو فارمیسی، میڈیکل فزکس، متعدی امراض، پبلک ہیلتھ اور بائیومیڈیکل میٹیریلز سمیت مختلف شعبوں کے ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔ مقررین پاکستان اور بیرون ملک کی معروف جامعات، تحقیقی مراکز اور طبی اداروں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔وزیر ہائر ایجوکیشن رانا سکندر حیات نے اپنے دورہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے دوران یو ای بزنس انکیوبیشن سینٹر (UE-BIC) کا بھی افتتاح کیا۔ بزنس انکیوبیشن سینٹر کا مقصد طلبہ، محققین اور نوجوان کاروباری افراد کو انٹرپرینیورشپ، جدت، تحقیق کو کاروباری مواقع میں تبدیل کرنے اور پائیدار منصوبوں کی تشکیل کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ سرکاری جامعات صوبے میں اعلی تعلیم کے فروغ اور معیار کی بہتری کے لیے موثر کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن کی قیادت کی جانب سے ادارہ جاتی تبدیلی اور اعلی تعلیم کے منظرنامے میں بہتری کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے یو ای کی کارکردگی کو صوبے کی سرکاری جامعات کے لیے ایک معیار قرار دیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چوہدری نے یونیورسٹی کے بڑھتے ہوئے تحقیقی اور اختراعی نظام کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یو ای نے اپنا ریسرچ گرانٹ پروگرام شروع کیا ہے، جبکہ اکیڈیمیا اور صنعت کے روابط مضبوط بنانے کے لیے 3 پالیسیوں کا اجرا کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دانشورانہ ملکیت کے شعبے میں بھی پیش رفت ہوئی ہے جبکہ یونیورسٹی کی جانب سے7 پیٹنٹس اور 6 ٹریڈ مارکس فائل کیے گئے ہیں۔وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن کی موجودہ تبدیلی اس کے 1880 کی دہائی سے جاری تاریخی تعلیمی ورثے سے جڑی ہوئی ہے، جبکہ یونیورسٹی جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے خود کو کثیرالجہتی تعلیم، تحقیق، جدت اور تجربات کے لیے ایک بڑی STEAM لیبارٹری کے طور پر آگے بڑھا رہی ہے۔IRCOH 2026 یونیورسٹی آف ایجوکیشن کی تحقیق، جدت، انٹرپرینیورشپ اور اکیڈیمیا انڈسٹری روابط کو حقیقی سماجی مسائل سے جوڑنے کی حکمت عملی کا عکاس ہے۔32 وائس چانسلرز، 42 تحقیقی مقالوں،3 بین الاقوامی کلیدی مقررین،3 غیر ملکی محققین اور 7 ممالک کی شرکت سے کانفرنس نے قومی و بین الاقوامی علمی برادری کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا ہے، جس کا مقصد بین الشعبہ جاتی تحقیق کو مشترکہ منصوبوں، اختراع اور انسانی، حیوانی و ماحولیاتی صحت کے لیے عملی اور پائیدار حل میں تبدیل کرنا ہے۔