وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس میں 1712 آسامیوں پر بھرتیاں جاری ہیں
اسلام آباد پولیس میں 1712 آسامیوں پر بھرتیاں جاری ہیں، میرٹ ہی بھرتیوں کےلئے انتخاب کا واحد معیار ہو گا، محسن نقوی

مزید خبریں
اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس میں 1712 آسامیوں پر بھرتیاں جاری ہیں، میرٹ ہی بھرتیوں کےلئے انتخاب کا واحد معیار ہو گا۔ ہفتہ کو سوشل میڈیا ایکس پر اسلام آباد پولیس میں بھرتیوں کا اشتہار شیئر کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے ایک طویل انتظار کے بعد سنہری موقع آ گیا ہے اور اسلام آباد پولیس میں 1,712 آسامیوں پر بھرتیاں جاری ہیں۔ اگر آپ پاکستان کی خدمت ، عزت، بہادری اور دیانت داری کے ساتھ کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں، تو یہ آپ کے لیے بہترین موقع ہے۔ پاکستان کے کسی بھی صوبے، علاقے یا خطے سے تعلق رکھنے والے امیدوار درخواست دے سکتے ہیں۔ بھرتی کے ٹیسٹ آپ کے قریبی علاقوں میں منعقد کیے جائیں گے۔ درخواست جمع کرانے میں صرف 4 دن باقی ہیں، اس لیے اس موقع کو ہرگز ضائع نہ کریں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ان بھرتیوں کےلئے میرٹ ہی انتخاب کا واحد معیار ہوگا۔ بھرتی کے عمل پر اثر انداز ہونے یا کسی بھی قسم کی سفارش یا دباؤ ڈالنے کی کوشش کرنے والے امیدوار کو فوری طور پر نااہل قرار دے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کا حصہ بنیں، پاکستان کی خدمت فخر کے ساتھ کریں۔ انہوں نے کہا کہ npftas.pk پر آن لائن درخواست دیں۔








