سرگودھا چیمبر آف کامرس کے وفد کی صوبائی وزیر صنعت و تجارت سے ملاقات، سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کےانفراسٹرکچرکی بحالی کے لیے57 کروڑ گرانٹ کی منظوری

سرگودھا چیمبر آف کامرس کے وفد نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ملاقات کی اور سرگودہا سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے 57 کروڑ گرانٹ کی منظوری دی

سرگودھا ۔ 04 جولائی (اے پی پی):سرگودھا چیمبر آف کامرس کے وفد نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ملاقات کی اور سرگودہا سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے 57 کروڑ گرانٹ کی منظوری دی۔ ایوانِ صنعت و تجارت (محکمہ صنعت و تجارت) میں سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ملاقات کی۔ وفدکی قیادت صدر سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز خواجہ یاسر قیوم کر رہے تھے جبکہ وفد میں سابق صدر مرزا فضل الرحمن اور صدر بورڈ آف مینجمنٹ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ و سابق ایگزیکٹو ممبر سرگودھا چیمبر محمد افتخار بھی ہمراہ تھے۔ ملاقات کے دوران سرگودھا کی مقامی صنعتوں اور سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کو درپیش مختلف مسائل اور ان کے پائیدار حل کے معاملات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ صدر چیمبر خواجہ یاسر قیوم نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سرگودھا کی انڈسٹریل اسٹیٹ میں سو سے زائد صنعتی یونٹس موجود ہیں، جن کی پیداواری صلاحیت کو نکھارنے اور مجموعی صنعتی عمل میں بہتری لانےکےلیے فوری حکومتی سرپرستی اور اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر خواجہ یاسر قیوم نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کو بتایا کہ سرگودھا سمال انڈسٹریل اسٹیٹ بنیادی سہولیات کےفقدان کی وجہ سے زبوں حالی کا شکار ہے اور انڈسٹریل اسٹیٹ میں ناقص سیوریج، ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکیں اور پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے صنعت کار وہاں صنعتیں لگانے سے گریزاں ہیں، جس کے باعث لوگوں نے زیادہ تر وہاں گودام بنائے ہوئے ہیں۔ خواجہ یاسر قیوم نے ان سے گزارش کی کہ اس انڈسٹریل اسٹیٹ کی بحالی کے لیے فوری طور پر فنڈز جاری کیے جائیں۔ خواجہ یاسر قیوم کے اس مطالبے پر چوہدری شافع حسین نے 57 کروڑ روپے گرانٹ کی فوری منظوری دی اور اس انڈسٹریل اسٹیٹ میں تعمیراتی کاموں کے آغاز کے افتتاح کے لیے بہت جلد سرگودھا آنے کا وعدہ کیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے وفد کے تحفظات کو انتہائی غور سے سنا اور یقین دہانی کروائی کہ وہ سرگودھا کی انڈسٹری کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور ان کے حل کے لیے جلد ہی سرگودھا کا تفصیلی دورہ کریں گے جہاں وہ مقامی صنعت کاروں سے خود براہِ راست ملاقاتیں بھی کریں گے۔ صوبائی وزیر نے وفد کو آگاہ کیا کہ حکومتِ پنجاب صوبے میں صنعت کاری کے عمل کو تیز کرنے کے لیے رواں سال اکتوبر میں آسان شرائط پر قرضہ جات کی ایک بہت بڑی اسکیم متعارف کروا رہی ہے۔ اس اسکیم کے تحت بینک آف پنجاب (BOP) کے تعاون سے مجموعی طور پر تین سو ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ اُنہوں نے اسکیم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس میں تین کیٹیگریز شامل ہوں گی جس میں پہلی کیٹیگری دس کروڑ روپے تک کا قرضہ مکمل طور پر بلا سود (0% Markup) فراہم کیا جائے گا۔ دوسری کیٹیگری ایک ارب روپے تک کا قرضہ صرف تین فیصد مارک اپ پر دیا جائے گا۔ تیسری کیٹیگری پانچ ارب روپے تک کا قرضہ محض ۵ فیصد مارک اپ پر حاصل کیا جا سکے گا۔ چوہدری شافع حسین نے زور دیا کہ سرگودھا کے صنعت کاروں کو حکومت کی ان شاندار اور انقلابی اسکیموں سے بھرپور فائدہ اُٹھانا چاہیے۔ مزید برآں صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن (PBTE) میں ایک جدید ‘جوب پلیسمنٹ پورٹل’ قائم کیا گیا ہے۔ اس پورٹل پر موجود ہنرمند افراد اور افرادی قوت سے فائدہ اُٹھانے کے لیے سرگودھا چیمبر آف کامرس باقاعدہ اشتراک (Collaboration) کر سکتا ہے، جس سے مقامی صنعتوں کو معیاری اور ہنرمند لیبر میسر آئے گی۔ صوبائی وزیر نے ایک اہم تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا چیمبر آف کامرس اور ملتان چیمبر آف کامرس کو باہمی اشتراک کے ساتھ اسپین اور دیگر یورپی ممالک میں ‘مینگو فیسٹیول’ کا انعقاد کرنا چاہیے تاکہ سرگودھا اور ملتان کے کینو اور آم جیسی بہترین زرعی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں فروغ دیا جا سکے۔ وفد نے صوبائی وزیر کی ان تجاویز اور صنعتی ترقی کے لیے ان کے عزم کو سراہا.