وزیراعظم محمد شہباز شریف نےامریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کو 250ویں یوم آزادی پر مبارکباد دی ہے
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی امریکی صدر کو 250ویں یوم آزادی پر مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کو 250ویں یوم آزادی پر مبارکباد دی ہے۔ہفتہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کو امریکا کی آزادی کی 250ویں سالگرہ کے تاریخی موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس شاندار سنگِ میل، آزادی، ثابت قدمی اور پائیدار جمہوری اقدار کی خوشی میں امریکاکے ساتھ شریک ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سات دہائیوں سے زائد پر محیط شراکت داری قائم ہے،جسے پاکستانی نژاد امریکی برادری کی گراں قدر خدمات نے مزید مضبوط بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ نے بارہا ثابت کیا ہے کہ جب بھی عالمی امن اور سلامتی کو سنگین چیلنجز درپیش آئے امریکا اور پاکستان اہم ترین مواقع پر ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے۔انہوں نے کہا کہ ہم جنوبی ایشیا میں امن کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہیں اور اس کی قدر کرتے ہیں جس نے ایک ممکنہ تباہ کن جنگ کو روکنے اور کروڑوں انسانی جانوں کو محفوظ بنانے میں مدد دی۔ اسی طرح دنیا بھر میں کئی بڑے تنازعات کے خاتمے کے لیے ان کی مستقل کوششیں بھی قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے دونوں ممالک ایک روشن اور امید افزا مستقبل کی جانب بڑھ رہے ہیں، پاکستان باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور تعمیری و باہمی طور پر مفید تعاون کی بنیاد پر امریکاکے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔







