اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):اسلام آباد پولیس نے جسٹس کمیٹی کے اجلاس میں سال 2025ء کی مجموعی کارکردگی رپورٹ پیش کر دی۔سال 2025ء میں جرائم میں نمایاں کمی، سکیورٹی اور شہری سہولیات میں تاریخی بہتری واقع ہوئی۔پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی کی سربراہی میں اسلام آباد پولیس نے جسٹس کمیٹی کے اجلاس میں سال 2025ء کی مجموعی کارکردگی رپورٹ پیش کر دی …
اسلام آباد پولیس نے جسٹس کمیٹی کے اجلاس میں سال 2025ء کی مجموعی کارکردگی رپورٹ پیش کی ،تشدد جرائم میں نمایاں کمی ریکارڈ
اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):اسلام آباد پولیس نے جسٹس کمیٹی کے اجلاس میں سال 2025ء کی مجموعی کارکردگی رپورٹ پیش کر دی۔سال 2025ء میں جرائم میں نمایاں کمی، سکیورٹی اور شہری سہولیات میں تاریخی بہتری واقع ہوئی۔پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی کی سربراہی میں اسلام آباد پولیس نے جسٹس کمیٹی کے اجلاس میں سال 2025ء کی مجموعی کارکردگی رپورٹ پیش کر دی جس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری، جرائم کی شرح میں واضح کمی اور شہریوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق فیڈرل پرزن اسلام آباد کا 76 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے اور سال 2026ء کے دوران جیل کو مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا جبکہ فیڈرل پرزن اسلام آباد کے پہلے سپرنٹنڈنٹ آف پرزنز کی تعیناتی بھی عمل میں آ چکی ہے۔ اسلام آباد پولیس کی موثر حکمت عملی کے باعث وفاقی دارالحکومت میں پرتشدد جرائم میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی،دن اور رات کے اوقات میں رہائشی و کمرشل علاقوں میں بھرپور سکیورٹی اقدامات کے باعث شہر بھر میں کاروباری اور معمولاتِ زندگی بلا تعطل جاری ہیں،نمبیو پبلک سیفٹی انڈیکس کے مطابق 68.6 فیصد سکور کے ساتھ اسلام آباد کو محفوظ ترین شہر قرار دیا گیا جو لندن، نیویارک اور پیرس جیسے عالمی شہروں سے بھی بہتر درجہ رکھتا ہے۔
یکم جنوری 2024ء سے 31 دسمبر 2025ء تک مجموعی جرائم میں 23 فیصد کمی واقع ہوئی جبکہ ’’پکار-15‘‘ پر موصول ہونے والی جرائم سے متعلق کالز میں 32 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ سال 2025ء کے دوران اسلام آباد پولیس نے 1552 عدالتی مفروران، 2062 اشتہاری اور 990 عادی مجرمان کو گرفتار کیا،جدید ڈیجیٹل سرویلنس، اے آئی بیسڈ سافٹ ویئرز، سی ڈی آرز کے تجزیے، ہوٹل آئی، ٹریول آئی، کرایہ داری اندراج سسٹمز اور خصوصی سرچ آپریشنز کے ذریعے موثر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ اسی عرصے میں 1594 مقدمات میں 1395 ملزمان کی گرفتاری کے ساتھ 536 ملین روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا، غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر 2375 ملزمان کو گرفتار کر کے 2336 مقدمات درج کیے گئے جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور ایمونیشن برآمد ہوا۔
منشیات کے خلاف کارروائیوں میں 1889 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے چرس، ہیروئن، آئس، افیون اور شراب کی بڑی مقدار برآمد کی گئی۔ اسی طرح پتنگ بازی، بھیک مانگنے اور دیگر سماجی جرائم کے خلاف بھی موثر اقدامات کیے گئے۔ اسلام آباد پولیس نے سال 2025ء میں دہشت گردی، قتل، اغواء، ڈکیتی اور سنگین جرائم کے متعدد ہائی پروفائل کیسز کو کامیابی سے حل کر کے ملوث ملزمان کو گرفتار کیا اور مجاز عدالتوں میں چالان پیش کیے۔









