اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پولیس نے دو ڈاکو گینگز کے 8 عناصرگرفتار کر لئے

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اپنا منظم اور موثر کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے وفاقی دارالحکومت میں موٹر سائیکل چھیننے اور مسلح ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث دو منظم گروہوں سے تعلق رکھنے والے 8 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ہے۔اتوار کو پولیس کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ تھانہ کھنہ کی ٹیم …

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اپنا منظم اور موثر کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے وفاقی دارالحکومت میں موٹر سائیکل چھیننے اور مسلح ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث دو منظم گروہوں سے تعلق رکھنے والے 8 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ہے۔اتوار کو پولیس کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ تھانہ کھنہ کی ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا جو اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی اور موٹر سائیکل چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے گرفتار ڈاکوؤں کے قبضے سے چھینی گئی تین موٹرسائیکلیں، لاکھوں روپے مالیت کے قیمتی موبائل فون، نقدی اور اسلحہ سمیت جرائم میں استعمال ہونے والا ایمونیشن برآمد کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ڈاکوؤں نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل چھیننے اور شہریوں کو لوٹنے کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

ملزمان نے ڈکیتی کی وارداتوں میں مزاحمت کے دوران شہریوں کو زخمی کرنے کا بھی انکشاف کیا ہے۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) اسلام آباد محمد جواد طارق نے کہا ہے کہ شہریوں کو ان کی محنت سے کمائے گئے اثاثوں سے محروم کرنے میں ملوث ڈاکوؤں کو عبرتناک سزا دینے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ منظم اور فعال ڈاکو گینگز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف اس وقت تک بڑے پیمانے پر کارروائیاں کر تی رہے گی جب تک وفاقی دارالحکومت کو امن کا گہوارہ نہیں بنایا جاتا۔ڈی آئی جی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔