اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں بی ایس پروگرام کے حوالے سے قائد اعظم یونیورسٹی اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے معیار کو پور ا نہیں کیا جاسکا، وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت

قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں بی ایس پروگرام قائد اعظم یونیورسٹی کے الحاق سے شروع کیاگیا تاہم نہ تو قائد اعظم یونیورسٹی اور نہ ہی ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے معیار کو پور اکیاجاسکا

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں بی ایس پروگرام قائد اعظم یونیورسٹی کے الحاق سے شروع کیاگیا تاہم نہ تو قائد اعظم یونیورسٹی اور نہ ہی ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے معیار کو پور اکیاجاسکا۔جمعہ کو قومی اسمبلی میں عالیہ کامران اور دیگر کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں بی ایس پروگرام میں طالب علموں کو داخلے میں مشکلات کے حوالے سے توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے ایوان کو بتایا کہ اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں بی ایس پروگرام قائد اعظم یونیورسٹی کے ساتھ الحاق سے شروع کیا گیا تاہم ایسے کوئی قواعد وضوابط نہیں اپنائے گئے اور نہ ہی معیار پورا کیا گیا جو قائد اعظم یونیورسٹی یا ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے سٹینڈرڈز سے مطابقت رکھتا ہو۔الحاق سے قبل جامع ادارہ جاتی جائزہ لیاجاتا ہے،2024 کی ایچ ای سی کی الحاق سے متعلق پالیسی کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔اس میں فیکلٹی کی تعداد،لیبز،کلاس روم،معیار ہر چیز مدنظر رکھی جاتی ہے،اس کے بعد الحاق کیا جاتا ہے۔