اسپیشلائزڈ ٹریننگ کورس کے افسران کا سنٹرل پولیس آفس کا دورہ، آئی جی پنجاب سے ملاقات
اسپیشلائزڈ ٹریننگ کورس کے افسران کا سنٹرل پولیس آفس کا دورہ، آئی جی پنجاب سے ملاقات

مزید خبریں
لاہور۔5مئی (اے پی پی):تیسرے اسپیشلائزڈ ٹریننگ کورس میں شامل افسران نے لاہورسنٹرل پولیس آفس کا منگل کو دورہ کیا اور آئی جی پنجاب عبدالکریم سے ملاقات کی۔ زیر تربیت افسران میں بلوچستان پولیس کے نئے بھرتی ہونے والے 35 ڈی ایس پیز شامل تھے۔کورس کے شرکا نے کرائم کنٹرول، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، سمارٹ پولیسنگ اور سروس ڈلیوری سمیت مختلف شعبوں میں پنجاب پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے بلوچستان پولیس کے افسران سے ان کی ٹریننگ اور فیلڈ تجربات کے حوالے سے دریافت کیا۔
آئی جی پنجاب نے کہاکہ وزیر اعلی مریم نواز کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ بین الصوبائی روابط کے فروغ کے لیے بلوچستان، سندھ اور دیگر صوبوں کے پولیس افسران کو جدید تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس افسران کے لیے فیلڈ کے ساتھ ساتھ آفس مینجمنٹ اور ایڈمنسٹریشن کا مساوی تجربہ نہایت ضروری ہے۔
آئی جی پنجاب نے زیر تربیت ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ ٹریننگ کو دلجمعی اور لگن کے ساتھ مکمل کریں اور جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے جرائم کے خاتمے اور عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری لائیں۔ملاقات کے دوران زیر تربیت افسران نے فیلڈ ٹریننگ کے دوران حاصل ہونے والے تجربات اور مشاہدات سے آگاہ کیا جبکہ آئی جی پنجاب نے پولیسنگ سے متعلق سوالات کے مدلل جوابات دے کر رہنمائی فراہم کی۔
بعد ازاں آئی جی پنجاب اور وفد کے درمیان سووینئرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق زیر تربیت افسران نے سی پی او میں پولیس میوزیم، شہدا والز اور مختلف برانچز کا دورہ کیا جہاں انہیں لا اینڈ آرڈر، کرائم کنٹرول، آپریشنز، انویسٹی گیشن، ٹریفک مینجمنٹ اور پبلک سروس ڈلیوری کے مختلف پہلووں سے آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ عاصم گلزار سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔








