اقتصادی استحکام اور بڑھوتری کیلئے حکومتی جامع اقدامات کی بدولت ملک کی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے، ترجمان وزارت خزانہ

اسلام آباد ۔ 9 جنوری (اے پی پی) وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ اقتصادی استحکام اور بڑھوتری کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے جامع اقدامات کی بدولت ملک کی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے، ایڈجسٹمنٹ اور استحکام کی پالیسی کی وجہ سے مالی سال 2020ءکے اختتام پر اقتصادی بحالی کا امکان ہے۔ وزارت خزانہ کے ترجمان نے جمعرات کو یہاں جاری بیان میں کہا ہے کہ …

اسلام آباد ۔ 9 جنوری (اے پی پی) وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ اقتصادی استحکام اور بڑھوتری کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے جامع اقدامات کی بدولت ملک کی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہے، ایڈجسٹمنٹ اور استحکام کی پالیسی کی وجہ سے مالی سال 2020ءکے اختتام پر اقتصادی بحالی کا امکان ہے۔ وزارت خزانہ کے ترجمان نے جمعرات کو یہاں جاری بیان میں کہا ہے کہ جامع بڑھوتری اور زرعی، صنعتی اور خدمات کے شعبوں پر توجہ دی گئی ہے جس کے نتیجہ میں حقیقی بڑھوتری حاصل ہو گی۔ ترجمان نے یہ بیان میڈیا کے بعض حصوں میں عالمی بینک کی رپورٹ کے حوالہ سے شائع ہونے والی خبروں کے تناظر میں دیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ حکومت اقتصادی چیلنجوں سے بخوبی آگاہ ہے اور مہنگائی کم کرنے، روزگار کے مواقع بڑھانے اور گروتھ ریٹ میں اضافہ کے اقدامات کے ذریعے ان چیلنجوں سے نمٹنے کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ بہتر اقتصادی اشاریوں کی روشنی میں ہمیں توقع ہے کہ پاکستان عالمی بینک کے اندازوں سے بڑھ کر گروتھ ریٹ حاصل کرے گا۔ ترجمان نے بتایا کہ معاشی استحکام کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات اور ایڈجسٹمنٹ کی پالیسی کے بہتر نتائج پہلے سے سامنے آ رہے ہیں، ان اقدامات کی وجہ سے حسابات جاریہ کے خسارے میں جولائی سے لے کر نومبر 2019ءتک 72.9 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ جی ڈی پی کی شرح سے مالیاتی خسارہ میں 1.6 فیصد یا 686 ارب روپے کی کمی سامنے آئی۔ پرائمری بیلنس میں 117 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ اسی طرح ایف بی آر کی جانب سے محصولات کی مد میں 16.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کاروبار میں آسانیوں اور سہولیات کی فراہمی کے حوالہ سے عالمی رینکنگ میں پاکستان کی پوزیشن میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ریٹنگ کے عالمی ادارے مودیز نے پاکستان کی رینکنگ منفی سے بی تھری (B 3) کر دی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس سے اقتصادی استحکام اور بڑھوتری کیلئے حکومت پاکستان کی پالیسیوں کی تائید ہوتی ہے