اقتصادی سروے 26۔2025ء ۔ پیمرا، پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کے ذریعے میڈیا شعبہ میں اصلاحات اور ڈیجیٹل رسائی میں نمایاں پیشرفت

اقتصادی سروے 26۔2025ء میں وزارت اطلاعات و نشریات کے ماتحت اداروں، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)، پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) اور پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن (ریڈیو پاکستان) کی کارکردگی اور اصلاحاتی اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ جاری مالی سال کے دوران میڈیا سیکٹر کی تنظیم، نشریاتی معیار کی بہتری

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):اقتصادی سروے 26۔2025ء میں وزارت اطلاعات و نشریات کے ماتحت اداروں، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)، پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) اور پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن (ریڈیو پاکستان) کی کارکردگی اور اصلاحاتی اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ جاری مالی سال کے دوران میڈیا سیکٹر کی تنظیم، نشریاتی معیار کی بہتری، تکنیکی اپ گریڈیشن، عوامی آگاہی، قومی بیانیے کے فروغ اور ڈیجیٹل رسائی بڑھانے کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے گئے جبکہ نشریاتی اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے خطیر فنڈز بھی مختص کیے گئے۔ جمعرات کو جاری کئے گئے اقتصادی سروے 26۔2025ء کے مطابق پیمرا نے 31 مارچ 2026ء تک پاکستان میں 142 سیٹلائٹ ٹی وی لائسنس جاری کئے جن میں 49 نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز، 47 تفریحی، 21 علاقائی زبانوں، 3 صحت، 6 کھیلوں، 9 تعلیم، 6 نان کمرشل تعلیمی، 1 زراعت سے متعلق چینل شامل ہیں۔ اسی طرح 31 مارچ 2026ء تک مجموعی طور پر 240 ایف ایم ریڈیو لائسنس جاری کئے گئے جن میں 172 کمرشل، 68 نان کمرشل چینل شامل ہیں۔ پیمرا نے جولائی سے مارچ 26۔2025ء کے دوران ایک ٹی وی لائسنس جاری کیا جبکہ ایف ایم ریڈیو کا ایک لائسنس جاری کیا۔ 31 مارچ 2026ء تک 2951 کیبل ٹی وی لائسنس جاری کئے گئے، 28 لینڈنگ رائٹس پرمیشنز جاری کی گئیں، اسی طرح موبائل ٹی وی کے تین، انٹرنیٹ پروٹوکول ٹی وی کے 33، ڈی ٹی ایچ کا ایک، ٹیلی پورٹ (براڈ کاسٹ) کا ایک لائسنس جاری کیا گیا۔ پیمرا کی جانب سے جولائی 2025ء سے مارچ 2026ء تک مجموعی طور پر 77 کیبل ٹی وی کے لائسنس جاری کئے گئے جبکہ ایک لینڈنگ رائٹس پرمیشن کا لائسنس دیا گیا۔ اقتصادی سروے 26۔2025ء کے مطابق پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن لمیٹڈ (PTV) بطور قومی نشریاتی ادارہ اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے جو ملک کی ثقافتی، سماجی اور مذہبی اقدار کے مطابق تعلیم، معلومات اور تفریحی مواد فراہم کرتا ہے۔ ادارہ قومی اور مذہبی تقریبات کی کوریج میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے اور انہیں مناسب اہمیت کے ساتھ نشر کرتا ہے جبکہ اس کے پروگرام، خصوصاً ڈرامے، معاشرتی اقدار کی عکاسی کے ساتھ معیاری تفریح بھی فراہم کرتے ہیں۔

پی ٹی وی کھیلوں کی نشریات میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے اور قومی و بین الاقوامی اہم ایونٹس کی کوریج پیش کرتا ہے۔ یہ نیٹ ورک متعدد چینلز پر مشتمل ہے جن میں پی ٹی وی ہوم، پی ٹی وی نیوز، پی ٹی وی سپورٹس، پی ٹی وی گلوبل، پی ٹی وی نیشنل، پی ٹی وی بولان، اے جے کے ٹی وی اور پی ٹی وی پارلیمنٹ شامل ہیں جو مختلف ناظرین کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں۔ ملک بھر میں اس کی زمینی نشریات (Terrestrial Coverage) تقریباً 100 فیصد آبادی تک رسائی رکھتی ہیں جبکہ اس کا بین الاقوامی نشریاتی نیٹ ورک پاکستان کے مؤقف اور ثقافتی شناخت کو عالمی سطح پر اجاگر کرتا ہے۔ 30 جون 2025ء تک ملک میں رجسٹرڈ ٹی وی سیٹ ہولڈرز کی تعداد 2 کروڑ 64 لاکھ 7 ہزار 427 تھی، مالی سال 2026ء کے دوران حکومت نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے تحت پاکستان ٹیلی ویژن کے لیے 1.01 ارب روپے مختص کیے تاکہ نشریاتی اور ٹیلی کاسٹنگ آلات کو جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد نشریاتی سگنل کے معیار کو بہتر بنانا اور تکنیکی انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے تاکہ ادارہ نشریاتی معیار کو مزید بہتر بنا سکے۔ اقتصادی سروے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن (PBC) قومی ریڈیو نشریاتی ادارے کے طور پر فرائض انجام دے رہی ہے جس کی ذمہ داری عوام کو معلومات، تعلیم اور تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ قومی اور بین الاقوامی سطح پر حکومتی پالیسیوں اور قومی بیانیے کی مؤثر ترویج بھی ہے۔ اپنی خبروں اور پروگراموں کے ذریعے پی بی سی عوامی شعور اجاگر کرنے، غلط معلومات اور منفی بیرونی بیانیوں کا مؤثر جواب دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ادارہ اسلامی اقدار، قومی یکجہتی، جمہوری اصولوں، برداشت، مساوات اور سماجی انصاف کے فروغ میں بھی معاونت فراہم کرتا ہے۔ مزید برآں، پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن قومی و علاقائی زبانوں اور ثقافت کے فروغ و تحفظ میں کردار ادا کرنے کے ساتھ قومی اتحاد اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر کام کر رہی ہے۔

مالی سال 2026ء میں پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے ملازمین کی تنخواہوں اور آپریشنل اخراجات کے لیے 6.27 ارب روپے مختص کیے گئے جن میں سے جولائی تا مارچ 2026ء کے دوران 4.63 ارب روپے جاری کیے گئے۔ جولائی تا مارچ مالی سال 2026ء کے دوران ریڈیو پاکستان نے قرآن پاک کی تلاوت، روزانہ مذہبی پروگرامز، رمضان المبارک اور ربیع الاول کی خصوصی نشریات، اہم مذہبی تقریبات کی براہِ راست کوریج اور اسلامی تعلیمات، بین المذاہب ہم آہنگی اور سماجی اقدار کے فروغ کے لیے خصوصی آگاہی پروگرام نشر کیے۔ صدرِ مملکت اور وزیراعظم کے اہم بین الاقوامی دوروں، عالمی فورمز اور دوست ممالک کے ساتھ سفارتی روابط کی بھرپور کوریج کی گئی تاکہ خارجہ پالیسی اور دوطرفہ تعاون سے متعلق معلومات مؤثر انداز میں عوام تک پہنچائی جا سکیں۔ مکمل ہونے والے میگا منصوبوں کی افتتاحی تقریبات اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کو اجاگر کیا گیا جبکہ 20 ہزار 250 سے زائد خصوصی پروگرامز نشر کیے گئے۔ خواتین کو بااختیار بنانے اور سماجی تحفظ کے اقدامات کو فروغ دینے کے لیے حکومتی پروگرامز کی کوریج اور “سکھی گھر“ کے 234 خصوصی پروگرامز نشر کیے گئے جبکہ ورکنگ ویمن ہاسٹلز اور ڈے کیئر سہولیات سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی گئی۔ نوجوانوں کی ترقی کے لیے “اڑان پاکستان” اور وزیراعظم یوتھ پروگرام سے متعلق خصوصی پروگرامز، 11 ہزار سے زائد نشریات اور آگاہی مہمات چلائی گئیں تاکہ تعلیم، مہارت، روزگار اور امید افزا مواقع کو فروغ دیا جا سکے۔ قومی سلامتی اور عوامی آگاہی سے متعلق 33 ہزار 750 سے زائد نشریات میں نظرثانی شدہ قومی ایکشن پلان 2021ء، غیر قانونی ہجرت، انسانی اسمگلنگ، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو اجاگر کیا گیا جبکہ منفی پروپیگنڈے اور غلط معلومات کا مؤثر جواب دیا گیا۔ شجرکاری، بریسٹ کینسر، ڈینگی، پولیو، انسداد منشیات، نمونیا، انسانی اسمگلنگ، ٹریفک سیفٹی اور اسموگ جیسے اہم عوامی و ماحولیاتی موضوعات پر خصوصی آگاہی مہمات چلائی گئیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے یوم استحصال کشمیر، کشمیر بلیک ڈے، حق خودارادیت کشمیر ڈے اور یوم یکجہتی کشمیر پر خصوصی نشریات نشر کی گئیں تاکہ کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا جا سکے۔

ریڈیو پاکستان نے سوشل میڈیا پر اپنی موجودگی کو نمایاں طور پر بڑھایا، سوشل میڈیا سیل قائم کیا، 50 سے زائد اسٹیشنز کی انٹرنیٹ اسٹریمنگ، لائیو پروگرامز اور پوڈکاسٹس کے ذریعے نوجوانوں تک رسائی بہتر بنائی جس کے نتیجے میں فیس بک، ٹک ٹاک اور یوٹیوب پر لاکھوں ویوز اور انٹرایکشنز حاصل ہوئے جبکہ یوٹیوب سلور بٹن جیسے اعزازات بھی حاصل کیے گئے۔ مالی سال 2026ء کے دوران ریڈیو پاکستان نے آمدن میں اضافے کے لیے اقدامات کیے، اسٹیشنز کی کارکردگی ماہانہ بنیادوں پر مانیٹر کی گئی جبکہ جولائی تا مارچ مالی سال 2026ء کے دوران 4 کروڑ 43 لاکھ روپے کی آمدن ریکارڈ کی گئی۔ نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز ونگز نے حکومتی اقدامات، اقتصادی پیش رفت، اعلیٰ سطحی سفارتی سرگرمیوں اور بین الاقوامی فورمز کی جامع کوریج فراہم کی تاکہ حکومتی پالیسیوں کی مؤثر تشہیر، عوامی آگاہی اور قومی مؤقف کو ملکی و عالمی سطح پر اجاگر کیا جا سکے۔