اقوام متحدہ،سلامتی کونسل نے صومالیہ میں افریقی یونین مشن کی مدت میں ایک سال کی توسیع کر دی

اقوام متحدہ ۔24دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نےصومالیہ میں افریقی یونین کے معاونت و استحکام مشن (اے یو ایس ایس او ایم ) کی اجازت میں ایک سال کی توسیع کر دی ، یہ 31 دسمبر 2026 تک مؤثر رہے گی۔ چینی خبررساں ادارے شنہوا کے مطابق 15 رکنی سلامتی کونسل نے قرارداد نمبر 2809 کو متفقہ طور پر منظور کیا جس میں دسمبر 2024 میں منظور …

اقوام متحدہ ۔24دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نےصومالیہ میں افریقی یونین کے معاونت و استحکام مشن (اے یو ایس ایس او ایم ) کی اجازت میں ایک سال کی توسیع کر دی ، یہ 31 دسمبر 2026 تک مؤثر رہے گی۔

چینی خبررساں ادارے شنہوا کے مطابق 15 رکنی سلامتی کونسل نے قرارداد نمبر 2809 کو متفقہ طور پر منظور کیا جس میں دسمبر 2024 میں منظور ہونے والی قرارداد 2767 کے تحت طے کیے گئے اے یو ایس ایس او ایم کے فرائض کی بھی توثیق کی گئی ۔ مذکورہ قرارداد کے تحت اس مشن کو ابتدائی طور پر 12 ماہ کے لیے اختیار دیا گیا تھا۔

نئی قرارداد کے مطابق افریقی یونین کے رکن ممالک کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے دوران اے یو ایس ایس او ایم کے تحت زیادہ سے زیادہ 11 ہزار 826 وردی پوش اہلکار تعینات رکھیں جن میں 680 پولیس اہلکار بھی شامل ہوں گے۔

قرارداد میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ صومالیہ میں الشباب کے خلاف مؤثر کارروائی اور ملک و خطے میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے اے یو ایس ایس او ایم اور صومالیہ کی سکیورٹی فورسز کو مزید معاونت فراہم کرنا ناگزیر ہے۔

سلامتی کونسل نے روایتی اور نئے عطیہ دہندگان پر زور دیا کہ وہ مشن کی مکمل ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے ضروری مالی وسائل فراہم کریں۔سلامتی کونسل کے مطابق افریقی یونین مشن کی مسلسل موجودگی صومالیہ میں استحکام، امن اور سکیورٹی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

مزید خبریں