اقوام متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتریش نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری اور بڑھتی فوجی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر لڑائی روکنے اور سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ کا امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی پر اظہارِ تشویش،سفارتکاری پر زور
مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔22جولائی (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتریش نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری اور بڑھتی فوجی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر لڑائی روکنے اور سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور دیا ہے۔
شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے کہا کہ سیکرٹر ی جنرل کو بالخصوص ایران میں شہری تنصیبات پر ہونے والے حملوں پر تشویش ہے جن میں زیرِ تعمیر جوہری بجلی گھر اور سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانے کا پلانٹ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے دیگر علاقوں میں بجلی گھروں اور پانی صاف کرنے والے پلانٹس پر حملے بھی ناقابلِ قبول ہیں جنہیں بند ہونا چاہیے۔ترجمان نے کہا کہ ہسپتالوں، پانی کی فراہمی کے نظام اور دیگر بنیادی شہری تنصیبات کو ہر صورت محفوظ رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون خصوصاً شہریوں کے تحفظ سے متعلق اصولوں کی مکمل پاسداری کریں۔اقوام متحدہ کے مطابق اس بحران کے اثرات کئی ملکوں تک پھیل چکے ہیں جس کے باعث تجارت، انسانی امداد کی فراہمی، نقل و حمل کے اخراجات اور ایندھن و بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتریش نے ایک بار پھر واضح کیا کہ موجودہ تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں ، پائیدار امن کے لیے سفارتی کوششوں میں تیزی لانا ناگزیر ہے۔






